او جی ڈی سی ایل اور کینیڈین فرم کے درمیان جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کا معاہدہ طے پا گیا

"او جی ڈی سی ایل اور کینیڈین فرم کے درمیان جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے متعلق معاہدہ طے پا گیا، جس سے توانائی کے شعبے میں تکنیکی تعاون اور جدید طریقۂ کار کے فروغ کی توقع ہے۔”

اسلام آباد۔3اگست (اے پی پی):آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل) نے پاکستان کے بھاری خام تیل کے ذخائر سے پیداوار بڑھانے اور آپریشنل کارکردگی کو بہتر بنانے کے لئے کینیڈا کی معروف کمپنی ‘سینرجیٹک آئل ٹولز’ کے ساتھ ایک اہم معاہدے پر دستخط کر دیئے ہیں۔

معاہدے پر دستخط کی پروقار تقریب او جی ڈی سی ایل ہیڈکوارٹرز میں منعقد ہوئی۔تقریب میں پاکستان میں کینیڈین ہائی کمشنر طارق علی خان اور ایم ڈی او جی ڈی سی ایل احمد حیات لک نے بالخصوص شرکت کی۔ اس معاہدے کے تحت کینیڈین کمپنی او جی ڈی سی ایل کے مخصوص کنوؤں پر جدید ’پیسو انرجی ٹول‘ ٹیکنالوجی نصب کرے گی جس کا بنیادی مقصد کنوؤں کی کارکردگی کو بہتر بنانا، آپریٹنگ اخراجات میں نمایاں کمی لانا اور کیمیکلز کے استعمال کو کم سے کم کرنا ہے۔معاہدے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈی او جی ڈی سی ایل احمد حیات لک نے کہا کہ کینیڈین فرم کے ساتھ یہ شراکت داری جدید اور عالمی معیار کی ٹیکنالوجی اپنا کر دشوار گزار ذخائر سے زیادہ سے زیادہ پیداوار حاصل کرنے کے ادارے کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔اس موقع پر کینیڈین ہائی کمشنر طارق علی خان نے پاکستان اور کینیڈا کے درمیان توانائی کے شعبے میں بڑھتے ہوئے تعاون کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس اقدام سے پاکستان کی تیل و گیس کی صنعت کو پائیدار بنیادوں پر بڑا فائدہ حاصل ہوگا۔