میٹرک سالانہ امتحانات کے نتائج کا اعلان 6 اگست کو سیالکوٹ میں کیا جائے گا، پروفیسر ندیم احمد

"پروفیسر ندیم احمد نے کہا ہے کہ میٹرک سالانہ امتحانات کے نتائج کا اعلان 6 اگست کو سیالکوٹ میں کیا جائے گا۔”

سیالکوٹ۔ 03 اگست (اے پی پی):بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن گوجرانوالہ کے کنٹرولر امتحانات پروفیسر ندیم احمد نے کہا ہے کہ سالانہ سیکنڈری سکول امتحان (میٹرک) 2026 کے امتحانات کے کامیاب انعقاد کے بعد نتائج کی تیاری کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے، جبکہ میٹرک کے سالانہ امتحانات کے نتائج کا باضابطہ اعلان 6 اگست کو گورنمنٹ کالج فار ویمن یونیورسٹی، سیالکوٹ میں منعقد ہونے والی تقریب میں کیا جائے گا۔

پروفیسر ندیم احمد نے بتایا کہ بورڈ کی جانب سے نتائج کی تیاری کا تمام مرحلہ نہایت احتیاط، شفافیت اور پیشہ ورانہ انداز میں مکمل کیا گیا ہے تاکہ طلبہ کو درست اور بروقت نتائج فراہم کیے جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ نتائج کی تیاری چیئرپرسن بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن اقصیٰ شبیر کی ہدایات کی روشنی میں انجام دی گئی ہے۔کنٹرولر امتحانات نے امید ظاہر کی کہ امتحانات کی طرح نتائج کا مرحلہ بھی کامیابی سے مکمل ہوگا طلبہ، والدین تعلیمی اداروں کا اعتماد مزید مستحکم ہوگا۔ انہوں نے تمام متعلقہ افسران اور عملے کی محنت کو سراہتے ہوئے کہا کہ بورڈ شفاف، منصفانہ اور معیاری امتحانی نظام کو یقینی بنانے کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری دیانتداری سے انجام دے رہا ہے۔