"پاکستان ریلوے کی جانب سے ٹریکس کا باقاعدہ معائنہ جاری ہے، جبکہ حساس حصوں پر ٹرینوں کی رفتار کم رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ سفر کو محفوظ اور بلا تعطل بنایا جا سکے۔”
پاکستان ریلوے کی جانب سے ٹریکس کا باقاعدہ معائنہ، حساس حصوں پر رفتار کم رکھنے کی ہدایت

مزید خبریں
اسلام آباد۔3اگست (اے پی پی):پاکستان ریلوے نے ملک بھر میں اپنے ریلوے انفرسٹرکچر کا باقاعدہ اور جامع معائنہ جاری رکھا ہوا ہے۔محفوظ سفر کو یقینی بنانے کے لئے جائزہ رپورٹ کی روشنی میں انتہائی حساس ریلوے ٹریکس پر رفتار کی عارضی پابندیاں عائد کی ہیں۔
ریلوے حکام نے ’’اے پی پی ‘‘کو بتایا کہ ٹرینوں کے محفوظ آپریشنز اور بروقت مرمت کو یقینی بنانے کی غرض سے ریلوے ٹریکس، پلوں اور سگنلنگ سسٹم کا مرحلہ وار جائزہ لیا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان ریلوے نے ملک بھر میں تقریباً 11,881 ٹریک کلومیٹر کا سروے مکمل کیا ہے جس میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ ٹریکس کا ایک بڑا حصہ اپنی مقررہ مدت پوری کر چکا ہے۔حکام نے کہا کہ مسافروں کی حفاظت کی خاطر جب تک ٹریکس کی مکمل بحالی اور اپ گریڈیشن کا کام مکمل نہیں ہو جاتا ان متاثرہ حصوں پر ٹرین کی رفتار کم رکھنے کی انجینئرنگ پابندیاں لگائی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ ریلوے کے سگنلنگ انفراسٹرکچر کی جدید کاری اور ‘کمپیوٹر بیسڈ انٹرلاکنگ’ جیسے جدید ترین سسٹم کی تنصیب کا کام بھی تیزی سے جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ موجودہ مالی سال کے دوران پاکستان ریلوے نے بنیادی ڈھانچے کی بحالی، مرمت اور پی ایس ڈی پی کے تحت اربوں روپے کے فنڈز مختص کئے ہیں تاکہ مسافروں کو محفوظ اور معیاری سفر کی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔








