مریضوں کو بروقت، معیاری طبی سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے، ڈاکٹر عبد الرحمٰن طارق چوہدری

میڈیکل سپرنٹنڈنٹ گورنمنٹ علامہ اقبال میموریل ٹیچنگ ہسپتال سیالکوٹ ڈاکٹر عبد الرحمٰن طارق چوہدری نے کہا ہے کہ مریضوں کو بروقت، معیاری طبی سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے

سیالکوٹ۔ 03 اگست (اے پی پی):میڈیکل سپرنٹنڈنٹ گورنمنٹ علامہ اقبال میموریل ٹیچنگ ہسپتال سیالکوٹ ڈاکٹر عبد الرحمٰن طارق چوہدری نے کہا ہے کہ مریضوں کو بروقت، معیاری طبی سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہسپتال کے انتظامی دورہ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہسپتال کے مختلف شعبوں میں ادویات، طبی آلات انسانی وسائل کی مؤثر نگرانی کی جا رہی ہے تاکہ علاج معالجے کامعیار مزید بہتر بنایا جا سکے۔ انہوں نے نرسنگ پیرا میڈیکل عملے پر زور دیا کہ وہ پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کو دیانتداری، خوش اخلاقی اور احساسِ ذمہ داری کے ساتھ انجام دیں اور ہر مریض کے ساتھ ہمدردانہ رویہ اختیار کریں۔

ڈاکٹر عبد الرحمن طارق چوہدری نے کہا کہ ہسپتال میں صفائی ستھرائی، نظم و ضبط اور انفیکشن کنٹرول کے اصولوں پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جا رہا ہے جبکہ مریضوں اور ان کے لواحقین کی شکایات کے بروقت ازالے کے لیے بھی مؤثر نظام موجود ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق عوام کو جدید، محفوظ اور معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے اصلاحات کا عمل مسلسل جاری رکھا جائے گا۔