گمبٹ ہسپتال خیرپور میں کامیاب آپریشن کے بعد ویل چیئر پر چلنے والا شخص بغیر سہارے چلنے لگا

گمبٹ انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (گمس) ہسپتال خیرپور میں وہیل چیئر پر چلنے والا 65 سالہ شخص گھٹنوں کی کامیاب دو طرفہ تبدیلی کے بعد دوبارہ اپنے پائوں پر چلنے لگا

سکھر۔ 03 اگست (اے پی پی):گمبٹ انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (گمس) ہسپتال خیرپور میں وہیل چیئر پر چلنے والا 65 سالہ شخص گھٹنوں کی کامیاب دو طرفہ تبدیلی کے بعد دوبارہ اپنے پائوں پر چلنے لگا ۔ شمالی سندھ کا رہائشی تھنڈا رام گمس ہسپتال کے شعبہ آرتھوپیڈک سرجری میں دونوں گھٹنوں کے آخری درجے کے جوڑوں کے عارضے (اینڈ اسٹیج بائی لیٹرل نی آسٹیو آرتھرائٹس) کے ساتھ لایا گیا تھا۔ مریض کئی سالوں سے دونوں گھٹنوں میں شدید بڑھتے ہوئے درد اور بگاڑ میں مبتلا تھا، جس نے بالآخر اسے مکمل طور پر غیر متحرک اور وہیل چیئر کا محتاج بنا دیا تھا۔ ان کا معائنہ معروف آرتھوپیڈک اور آرتھروپلاسٹی سرجن اور ٹراما اسپیشلسٹ ڈاکٹر سجاد حسین بھٹی نے کیا

جنہوں نے جوڑوں کی شدید تباہی کے ساتھ دونوں گھٹنوں کے شدید آسٹیو آرتھرائٹس کی تشخیص کی۔ تفصیلی کلینیکل جانچ، ریڈیولوجیکل تحقیقات اور بے ہوشی سے قبل کے معائنے کے بعد، سرجیکل ٹیم نے دو طرفہ ٹوٹل نی ریپلیسمنٹ کرنے کا فیصلہ کیا ۔ یہ ایک پیچیدہ اور زیادہ رسک والا آپریشن تھا جس میں دونوں خراب گھٹنوں کے جوڑوں کو ایک ہی مرحلے میں مصنوعی امپلانٹس سے تبدیل کیا جانا تھا ۔یہ سرجری ڈاکٹر سجاد حسین بھٹی نے اپنی آرتھوپیڈک اور اینستھیزیا ٹیم کے ہمراہ مفت میں کی۔ یہ آپریشن بغیر کسی پیچیدگی کے کامیابی سے مکمل ہوا۔ سرجری کے بعد مریض اب بغیر سہارے چل رہا ہے ۔