ہارٹی کلچر ایجنسی ملتان کی جانب سے مون سون شجرکاری مہم جاری

ہارٹی کلچر ایجنسی ملتان نے مون سون شجرکاری مہم کے تحت اولڈ شجاع آباد گرین بیلٹ پر سایہ دار درخت لگایا ۔ منیجنگ ڈائریکٹر ہارٹی کلچر ایجنسی سید وسیم حسن نے شجرکاری مہم میں حصہ لیا

ملتان۔ 03 اگست (اے پی پی):ہارٹی کلچر ایجنسی ملتان نے مون سون شجرکاری مہم کے تحت اولڈ شجاع آباد گرین بیلٹ پر سایہ دار درخت لگایا ۔ منیجنگ ڈائریکٹر ہارٹی کلچر ایجنسی سید وسیم حسن نے شجرکاری مہم میں حصہ لیا،ڈائریکٹر ہارٹی کلچر حافظ نعیم عباس بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔اس موقع پر ایم ڈی سید وسیم حسن نے بلی والا انٹرچینج، بہاولپور بائی پاس سے وہاڑی چوک تک جاری شجرکاری اور ترقیاتی منصوبوں کا بھی تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ شجرکاری اور خوبصورتی کے منصوبوں کو مقررہ معیار اور رفتار کے مطابق مکمل کیا جائے۔

سید وسیم حسن نے کہا کہ مون سون سیزن کے دوران شجرکاری مہم بھرپور انداز میں جاری رہے گی اور شہر کو مزید سرسبز و شاداب بنانے کے لیے داخلی و خارجی شاہراہوں پر بھی بڑے پیمانے پر شجرکاری کی حکمت عملی تیار کی جا رہی ہے۔انہوں نے بتایا کہ بہاولپور بائی پاس پر جاری ترقیاتی منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے، جبکہ بہاولپور بائی پاس سے وہاڑی چوک تک گرین بیلٹ میں بھی مسلسل درخت لگائے جا رہے ہیں تاکہ شہریوں کو بہتر ماحول اور سرسبز فضاء فراہم کی جا سکے۔