سپرنٹنڈنگ انجینئرمیپکو آپریشن سرکل خانیوال مشتاق احمد اٹھنگل نے کہا ہے کہ لائن لاسز میں مزید کمی، ریکوری اہداف کا سو فیصد حصول اور صارفین کو بلا تعطل اور معیاری بجلی کی فراہمی ہر افسر کی اولین ذمہ داری ہے، تمام فیلڈ افسران اپنی کارکردگی میں مزید بہتری لائیں
میپکو خانیوال: لائن لاسز میں کمی ،بلاتعطل بجلی فراہمی اور ریکوری اہداف کے حصول کے لیے فیلڈ افسران کو سخت ہدایات جاری

مزید خبریں
ملتان۔ 03 اگست (اے پی پی):سپرنٹنڈنگ انجینئرمیپکو آپریشن سرکل خانیوال مشتاق احمد اٹھنگل نے کہا ہے کہ لائن لاسز میں مزید کمی، ریکوری اہداف کا سو فیصد حصول اور صارفین کو بلا تعطل اور معیاری بجلی کی فراہمی ہر افسر کی اولین ذمہ داری ہے، تمام فیلڈ افسران اپنی کارکردگی میں مزید بہتری لائیں، فیڈر وائز اہداف کی روزانہ بنیادوں پر مانیٹرنگ کریں اور جہاں بھی مطلوبہ نتائج حاصل نہ ہو رہے ہوں وہاں فوری اصلاحی اقدامات کئے جائیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے خانیوال سرکل میں منعقدہ اجلاس میں آپریشنل افسران سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں لائن لاسز کی موجودہ صورتحال، مختلف فیڈرز کی کارکردگی اور ان فیڈرز کا تفصیلی جائزہ لیا گیا جہاں لائن لاسز مقررہ ہدف سے زیادہ ہیں۔ سپرنٹنڈنگ انجینئر نے ہدایت کی کہ ایسے فیڈرز پر خصوصی فوکس کرتے ہوئے بجلی چوری کی روک تھام، خراب میٹرز کی بروقت تبدیلی اور سسٹم کی مسلسل نگرانی کو یقینی بنایا جائے تاکہ لائن لاسز میں نمایاں کمی لائی جا سکے۔
بڑے نادہندگان سے ریکوری کو ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنایا جائے، سرکاری و نجی اداروں سے واجبات کی وصولی کے لئے مؤثر حکمت عملی اپنائی جائے اور روزانہ کی بنیاد پر ریکوری کی پیش رفت کا جائزہ لے کر مقررہ اہداف ہر صورت حاصل کئے جائیں۔تمام میوٹ میٹرز کی فوری جانچ پڑتال مکمل کی جائے۔ تکنیکی خرابیوں کو بلا تاخیر دور کیا جائے اور ایسے تمام میٹرز کو فعال بنایا جائے تاکہ صارفین کی درست میٹر ریڈنگ اور بلنگ کو یقینی بنایا جا سکے۔ آئیڈل میٹرز کی تصدیق کرکے ان کے حوالے سے قواعد و ضوابط کے مطابق فوری کارروائی عمل میں لائی جائے۔اجلاس میں ایم سی اوزکی بروقت پوسٹنگ اور ایم ڈی ایم سافٹ ویئر پر ایس سی اوزکی بروقت اندراج و پوسٹنگ کا بھی جائزہ لیا گیا۔ سپرنٹنڈنگ انجینئر نے واضح ہدایت کی کہ تمام متعلقہ اندراجات مقررہ وقت کے اندر مکمل کئے جائیں تاکہ صارفین کے کیسز، میٹرنگ سے متعلق معاملات اور ریکارڈ کی درستگی برقرار رہے اور کسی بھی قسم کی تاخیر یا غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔
انجینئر مشتاق احمد اٹھنگل نے مزید ہدایت کی کہ تمام ایکسین اور ایس ڈی اوز اپنے اپنے علاقوں کی کارکردگی کی روزانہ نگرانی کریں، فیلڈ میں اپنی موجودگی کو یقینی بنائیں، صارفین کی شکایات کے بروقت ازالے پر خصوصی توجہ دیں اور میپکو کی مقررہ پالیسیوں اور آپریشنل ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنائیں، بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران کی حوصلہ افزائی کی جائے گی جبکہ اہداف کے حصول میں غفلت یا کوتاہی کی صورت میں متعلقہ افسران جواب دہ ہوں گے۔اس موقع پر ایکسین خانیوال ڈویژن معصب علی سلیمی، ایکسین کبیروالہ ڈویژن ملک کاظم اعوان اور ایکسین میاں چنوں ڈویژن ثاقب سلیمان بھی موجود تھے۔








