بجلی چوروں کے خلاف جاری آپریشن میں 3299 بجلی چوروں کو پولیس نے گرفتار کیا،چودھری خالد محمود

چیف ایگزیکٹیو آئیسکو انجینئر چودھری خالد محمود نے کہا ہے کہ ستمبر 2023 سے بجلی چوروں کے خلاف جاری آپریشن میں 7073 بجلی چوروں کو 60 کروڑ 91 لاکھ سے زائد کے جرمانے اور3299 بجلی چوروں کو پولیس نے گرفتار کیا ہے

اسلام آباد۔3اگست (اے پی پی):چیف ایگزیکٹیو آئیسکو انجینئر چودھری خالد محمود نے کہا ہے کہ ستمبر 2023 سے بجلی چوروں کے خلاف جاری آپریشن میں 7073 بجلی چوروں کو 60 کروڑ 91 لاکھ سے زائد کے جرمانے اور3299 بجلی چوروں کو پولیس نے گرفتار کیا ہے۔ پیر کو جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف اور وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری کے وژن ہدایات اور مکمل سپورٹ کی بنیاد پر اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی آئیسکو ریجن میں بجلی چوروں اور بل ادا نہ کرنے والے صارفین کے خلاف تسلسل سے ایک کامیاب کریک ڈاؤن جاری ہے، کاروائیوں میں واجبات ریکوری مہم کے دوران 2 لاکھ 32 ہزار سے زائد صارفین سے 7 ارب سے زائد واجبات وصول کیے جا چکے ہیں۔

انجینئر چوہدری خالد محمود نے کہا کہ چیئرمین آئیسکو ڈاکٹر طاہر مسعود، آئیسکو بورڈ ممبران اور آئیسکو انتظامیہ حکومتی ہدایات پر بجلی چوری اور نادہندگان کے خلاف زیرو ٹاولرنس پالیسی پر عمل پیرا ہیں اور اسی ٹیم ورک کی بدولت آئیسکو نے پاکستان کے پاور سیکٹر میں ایک بہترین ڈسٹری بیوشن کمپنی کی حیثیت سے خود کو منوایا ھوا ہے، ہمارے افسران، ہماری ڈیٹیکشن اور ریکوری ٹیموں کی کارکردگی بے شک معیاری ھے اور کارکردگی کے اس اعلی معیار کو ہمیشہ برقرار رکھیں گے۔ بجلی چوروں کے خلاف گھیرے کو مزید تنگ کرنے کے لئے آئیسکو میں 12 لاکھ سے زائد اے ایم آئی میٹرز کی تنصیب مکمل کر لی گئی ہے، اس کے علاؤہ ڈسٹری بیوشن ٹرانسفارمرز پر سکیننگ میٹرز کی تنصیب کا عمل بھی تیزی سے جاری ہے۔