یومِ شہدائے پولیس ہمیں پولیس اہلکاروں کی بے مثال قربانیوں کی یاد دلاتا ہے،گورنر سندھ

گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے یومِ شہدائے پولیس پراپنے پیغام میں کہا ہے کہ یومِ شہدائے پولیس ہمیں پولیس اہلکاروں کی بے مثال قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔منگل کو گورنر ہائوس سے جاری اعلامیہ کے مطابق انہوں نے کہا کہ پولیس عوام کے جان و مال کے تحفظ اور قانون کی عملداری کی پہلی دفاعی دیوار ہے۔

کراچی۔ 04 اگست (اے پی پی):گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے یومِ شہدائے پولیس پراپنے پیغام میں کہا ہے کہ یومِ شہدائے پولیس ہمیں پولیس اہلکاروں کی بے مثال قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔منگل کو گورنر ہائوس سے جاری اعلامیہ کے مطابق انہوں نے کہا کہ پولیس عوام کے جان و مال کے تحفظ اور قانون کی عملداری کی پہلی دفاعی دیوار ہے۔

انہوں نے یومِ شہدائے پولیس پر شہدا ء کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ امن و امان کے قیام کے لیے پولیس اہلکاروں کی قربانیاں قوم ہمیشہ یاد رکھے گی۔سید محمد نہال ہاشمی نے کہا کہ سندھ میں امن و امان کے قیام اور جرائم کے خاتمے میں سندھ پولیس کا کردار قابلِ تحسین ہے،پولیس کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں اور جدید تربیت میں مزید اضافہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔

گورنر سندھ نے کہاکہ پولیس کے شہدا ء ہمارے قومی ہیرو اور پوری قوم کا فخر ہیں، دہشت گردی اور جرائم کے خلاف پولیس کے شہداء اور غازیوں کے عزم، بہادری اور قربانیوں کو سلام پیش کرتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ پولیس فورس کی فلاح و بہبود حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔