گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ نےجموں و کشمیر میں بھارتی جارحیت اور بنیادی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیر کی وادی کو دنیا جنت کے نام سے جانتی تھی لیکن جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے کے بعدقابض بھارتی ریاست نے کشمیر کو دنیا کی سب سے بڑی جیل میں تبدیل کر رکھا ہے۔
غاصب مودی نے پورے خطے کے امن و استحکام کو خطرے میں ڈال دیا ہے، گورنر گلگت بلتستان

مزید خبریں
گلگت۔ 05 اگست (اے پی پی):گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ نےجموں و کشمیر میں بھارتی جارحیت اور بنیادی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیر کی وادی کو دنیا جنت کے نام سے جانتی تھی لیکن جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے کے بعدقابض بھارتی ریاست نے کشمیر کو دنیا کی سب سے بڑی جیل میں تبدیل کر رکھا ہے۔
انہوں نے یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ کئی سالوں سے مقبوضہ وادی کے عوام آزادی اظہار اور دیگر بنیادی حقوق سے محروم ہیں اور نہتے کشمیریوں کو اپنے حق کےلئے آواز اٹھانے کی بھی اجازت نہیں ہے۔ بوکھلاہٹ کا شکار مودی حکومت کشمیر ی عوام کے حق خود ارادیت کو دنیا کے سامنے آنے سے روکنے کےلئے ہر سال کوئی نیا ڈرامہ کرتی ہے لیکن یہ ہتھکنڈے کامیاب نہیں ہوسکیں گے۔ گورنر گلگت بلتستان نے کہا کہ نو لاکھ بھارتی فوجیوں کی جانب سے مقبوضہ وادی میں جاری محاصرے کو ختم کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی آئین کے آرٹیکل 370 اور 35 اے کشمیر کے عوام کے حق حکمرانی کے ضامن تھے جسے مودی نے چھین کر اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کی صریحاً خلاف ورزی کی ہے، بھارتی اقدام نے پورے جنوبی ایشیا کے امن و استحکام کو خطرے میں ڈال دیاہے۔ گورنر گلگت بلتستان نے اقوام متحدہ سے اپیل کی کہ وہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق بحال کرائے۔ گورنر گلگت بلتستان نے کہا کہ کشمیریوں کی تحریکِ حقِ خود ارادیت کو دبانا مودی حکومت کے بس کی بات نہیں ، جب تک کشمیریوں کو آزادی نہیں مِل جاتی، ایک بھی پاکستانی چین سے نہیں بیٹھے گا۔ انہوں نے حریت رہنماؤں اور بے گناہ کشمیریوں کی گرفتاریوں کی شدید مذمت کرتے انہیں فوری رہا کرنےکا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مظلوم کشمیریوں کی ہر ممکن اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔








