پوری پاکستانی قوم اپنے کشمیری بھائیوں کی تحریکِ آزادی کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہے، وزیر اطلاعات پنجاب

وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر کہا ہے کہ پوری پاکستانی قوم اپنے کشمیری بھائیوں کی تحریکِ آزادی کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہے اور ان کی منصفانہ جدوجہد میں ہر سطح پر ان کے ساتھ کھڑی ہے۔

لاہور۔5اگست (اے پی پی):وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر کہا ہے کہ پوری پاکستانی قوم اپنے کشمیری بھائیوں کی تحریکِ آزادی کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہے اور ان کی منصفانہ جدوجہد میں ہر سطح پر ان کے ساتھ کھڑی ہے۔

اپنے بیان میں عظمی بخاری نے کہا کہ بھارت نے 5 اگست 2019 کو یک طرفہ اقدام کرتے ہوئے جموں و کشمیر کی آئینی حیثیت ختم کر دی اور بھارتی آئین کے آرٹیکل 370 اور 35-اے کو منسوخ کر کے بین الاقوامی قوانین اور کشمیری عوام کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی کی۔ انہوں نے کہا کہ فاشسٹ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے اس اقدام کے ذریعے سیکولر بھارت کے آئین کو ہٹلر اور موسولینی کی سوچ کا آئینہ دار بنا دیا۔انہوں نے کہا کہ بھارت کے سنجیدہ سیاسی و دانشور حلقے آج بھی مودی حکومت کے اس فیصلے کی مخالفت کر رہے ہیں، جبکہ تمام ریاستی جبر اور طاقت کے استعمال کے باوجود بھارت کشمیری عوام کے حوصلے پست کرنے میں ناکام رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت کا دعویدار بھارت عملا آمریت کی راہ پر گامزن ہو چکا ہے اور مودی کا دور ہٹلر اور موسولینی کی سوچ کا امتزاج بن چکا ہے۔عظمی بخاری نے کہا کہ پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت ہر سطح پر جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف اور جماعت کے منشور میں کشمیری عوام کی آزادی اور حقِ خودارادیت کی حمایت سرفہرست ایجنڈا ہے اور پاکستان ہمیشہ کشمیریوں کے جائز حق کے لیے اپنی آواز بلند کرتا رہے گا۔