نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے عمان میں یروشلم سے متعلق وزارتی اجلاس میں شرکت کی۔بدھ کو وزارت خارجہ سے جاری بیان کے مطابق اپنے خطاب میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے مقبوضہ فلسطینی علاقوں بالخصوص مقبوضہ مشرقی یروشلم اور مغربی کنارے کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا
نائب وزیراعظم سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی عمان میں یروشلم سے متعلق وزارتی اجلاس میں شرکت

مزید خبریں
اسلام آباد۔5اگست (اے پی پی):نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے عمان میں یروشلم سے متعلق وزارتی اجلاس میں شرکت کی۔بدھ کو وزارت خارجہ سے جاری بیان کے مطابق اپنے خطاب میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے مقبوضہ فلسطینی علاقوں بالخصوص مقبوضہ مشرقی یروشلم اور مغربی کنارے کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے مسجد اقصیٰ/الحرم الشریف میں مسلسل خلاف ورزیوں، اسرائیل کی جانب سے غیرقانونی بستیوں کی توسیع، آبادکاروں کے تشدد اور مقدس مقامات کی تاریخی و قانونی حیثیت کو تبدیل کرنے کی تمام کوششوں کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے یروشلم میں اسلامی اور مسیحی مقدس مقامات پر ہاشمی سرپرستی کے لیے پاکستان کی غیرمتزلزل حمایت کا اعادہ کیا اور اس بات پر زور دیا کہ مقبوضہ مشرقی یروشلم پر اسرائیل کی کوئی خودمختاری نہیں۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے بین الاقوامی قانون کی پاسداری، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے احترام، غزہ میں جنگ بندی برقرار رکھنے، غزہ تنازع کے خاتمے کے جامع منصوبے پر مکمل عملدرآمد، بلا رکاوٹ انسانی امداد کی فراہمی اور فلسطینی عوام کے تحفظ کے لیے عرب اور اسلامی ممالک کی مربوط سفارتی کوششوں کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔فلسطینی کاز کے لیے پاکستان کی غیرمتزلزل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے کہا کہ منصفانہ، جامع اور پائیدار امن صرف اسی صورت میں ممکن ہے جب جون 1967ء سے قبل کی سرحدوں کی بنیاد پر ایک آزاد، خودمختار، قابل عمل اور جغرافیائی طور پر متصل فلسطینی ریاست قائم کی جائے جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو۔








