جڑواں شہروں میں رات بھر وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہنے کے باعث واسا راولپنڈی نے ہائی الرٹ جاری کرتے ہوئے نشیبی علاقوں میں نکاسی آب کے لیے عملہ اور ہیوی مشینری تعینات کر دی ہے
راولپنڈی میں رات وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہا، جڑواں شہروں میں بارش کے پیشِ نظر واسا ہائی الرٹ

مزید خبریں
راولپنڈی۔ 05 اگست (اے پی پی):جڑواں شہروں میں رات بھر وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہنے کے باعث واسا راولپنڈی نے ہائی الرٹ جاری کرتے ہوئے نشیبی علاقوں میں نکاسی آب کے لیے عملہ اور ہیوی مشینری تعینات کر دی ہے۔منیجنگ ڈائریکٹر واسا راولپنڈی عزیز اللہ خان کے مطابق لیاقت باغ، کمیٹی چوک انڈر پاس، مری روڈ، صادق آباد اور دیگر نشیبی مقامات پر واسا کا عملہ اور مشینری ہمہ وقت موجود ہے تاکہ بارشی پانی کی بروقت نکاسی کو یقینی بنایا جا سکے۔انہوں نے بتایا کہ نالہ لئی کی مسلسل مانیٹرنگ کی جا رہی ہے اور اس میں پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے، جبکہ فیلڈ افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ نکاسی آب کے تمام آپریشنز کی خود نگرانی کریں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔
ایم ڈی واسا کے مطابق تازہ ترین اعداد و شمار کے تحت سیدپور میں ایک ملی میٹر، گولڑہ میں 13 ملی میٹر، بوکرہ میں 27 ملی میٹر، محکمہ موسمیات (پی ایم ڈی) میں 23 ملی میٹر، شمس آباد میں 19 ملی میٹر، کچہری میں 44 ملی میٹر، پیرودھائی میں 28 ملی میٹر، گوالمنڈی میں 47 ملی میٹر جبکہ نیو کٹاریاں میں 32 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ترجمان واسا نے بتایا کہ تمام متعلقہ عملہ الرٹ ہے اور نشیبی علاقوں کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔واسا نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ نالوں اور گٹروں میں کچرا پھینکنے سے گریز کریں، مین ہولز کے ڈھکن نہ کھولیں اور نکاسی آب کے نظام کو بلا تعطل برقرار رکھنے میں ادارے سے تعاون کریں۔ شہریوں سے کہا گیا ہے کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال کی صورت میں فوری طور پر واسا ہیلپ لائن پر رابطہ کریں۔








