بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور سابق رکنِ پارلیمنٹ شکیب الحسن کے گھر پر مشتعل افراد نے حملہ کر کے توڑ پھوڑ کی اور پٹرول بم پھینک دیے، جس کے نتیجے میں عمارت کی اوپری منزل میں آگ لگ گئی۔
سابق بنگلہ دیشی کرکٹ کپتان شکیب الحسن کے گھر پر حملہ ، پٹرول بم پھینک کر آگ لگا دی گئی
ڈھاکہ ۔6اگست (اے پی پی):بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور سابق رکنِ پارلیمنٹ شکیب الحسن کے گھر پر مشتعل افراد نے حملہ کر کے توڑ پھوڑ کی اور پٹرول بم پھینک دیے، جس کے نتیجے میں عمارت کی اوپری منزل میں آگ لگ گئی۔
رائٹرز کے مطابق یہ واقعہ بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ سے 170 کلومیٹر دور ماگورا میں شکیب الحسن کے آبائی گھر میں پیش آیا۔ پولیس کے مطابق واقعہ کے وقت گھر میں کوئی موجود نہیں تھا جس کے باعث کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ یہ حملہ اس وقت ہوا جب شکیب الحسن نے نیو دہلی میں منعقدہ ایک ورچوئل تقریب میں شرکت کی، جس میں سابق وزیراعظم شیخ حسینہ واجد نے 2024 میں اقتدار سے برطرفی کے بعد پہلی بار میڈیا سے بات کرتے ہوئے رواں برس دسمبر میں بنگلہ دیش واپسی کا اعلان کیا۔عوامی لیگ کی نمائندگی کرنے والے 39 سالہ آل راؤنڈر شکیب الحسن حکومت کے خاتمے کے بعد سے ملک سے باہر ہیں اور ان پر قتل، مالی بے ضابطگیوں اور منی لانڈرنگ کے مقدمات درج ہیں۔ دوسری جانب بنگلہ دیشی وزارتِ خارجہ نے شیخ حسینہ کے میڈیا خطاب پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اسے ملکی خودمختاری کے خلاف قرار دیا ہے۔









