"انگلینڈ کے سابق وائٹ بال کپتان اور تجربہ کار اوپننگ بیٹر جوز بٹلر نے ٹی ٹونٹی کرکٹ کی تاریخ میں ایک اور بڑا سنگِ میل عبور کرتے ہوئے ویسٹ انڈیز کے سابق آل راؤنڈر کیرون پولارڈ کو پیچھے چھوڑ دیا۔”
جوز بٹلر کی تاریخی کامیابی،کیرون پولارڈ کا ریکارڈ توڑ کر ٹی ٹونٹی کرکٹ میں تاریخ رقم کردی
مانچسٹر ۔6اگست (اے پی پی):انگلینڈ کے سابق وائٹ بال کپتان اور تجربہ کار اوپننگ بیٹر جوز بٹلر نے ٹی ٹونٹی کرکٹ کی تاریخ میں بڑا سنگ میل عبور کرتے ہوئے ویسٹ انڈیز کے سابق آل راؤنڈر کیرون پولارڈ کو پیچھے چھوڑ دیا۔
بی بی سی کے مطابق 35 سالہ جوز بٹلر نے یہ اعزاز دی ہنڈریڈ ٹورنامنٹ کے ایک میچ میں حاصل کیا جہاں انہوں نے 6 چھکوں کی مدد سے 51 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر مانچسٹر سپر جائنٹس کو مسلسل 3 شکستوں کے بعد بڑی کامیابی دلائی۔جوزبٹلر نے مارکو جینسن کی گیند پر لگائے گئے پہلے چھکے کے ساتھ ویسٹ انڈین آل رائونڈر کیرون پولارڈ کے 14 ہزار 803 ٹی ٹونٹی رنز کا ریکارڈ توڑا۔جوز بٹلر 492 اننگز میں 14 ہزار 833 رنز کے ساتھ پہلے نمبر پر پہنچ گئے ہیں جبکہ کیرون پولارڈ 663 اننگز میں 14 ہزار 803 کے ساتھ دوسرے نمبر پر چلے گئے ہیں۔یونیورس باس کے نام سے مشہور ویسٹ انڈیز کے ہی کرس گیل 455 اننگز میں 14 ہزار 562 رنز کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہیں تاہم وہ اب ہر طرز کی کرکٹ سے کنارہ کشی اختیار کرچکے ہیں۔دوسری جانب کیرون پولارڈ جلد شروع ہونے والی کیریبین پریمیئر لیگ میں ٹرنباگو نائٹ رائیڈرز کی نمائندگی کریں گے جہاں ان کے پاس دوبارہ سرفہرست آنے کا موقع موجود ہوگا۔واضح رہے کہ دی ہنڈریڈ کے میچز کے اعداد و شمار بھی ٹی ٹونٹی ریکارڈ کا حصہ شمار کیے جاتے ہیں، اس لیے یہ کارنامہ ان کے مجموعی ٹی ٹونٹی کیریئر میں شامل ہوا۔میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے جوز بٹلر نے کہا کہ ٹی ٹونٹی کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والا کھلاڑی بننا ان کے لیے باعثِ فخر ہے۔انہوں نے کہا کہ مستقبل میں بھی اپنی عمدہ کارکردگی کے تسلسل کو برقراررکھتے ہوئے مزید کامیابیاں حاصل کریں گے۔









