چیچہ وطنی،درخت فضائی آلودگی کے خاتمے، درجہ حرارت میں کمی اور انسانی صحت کے تحفظ میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں،کمشنرساہیوال

"کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل نے کہا ہے کہ درخت فضائی آلودگی کے خاتمے، درجہ حرارت میں کمی، ماحول کو سرسبز بنانے اور انسانی صحت کے تحفظ میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔”

چیچہ وطنی۔ 06 اگست (اے پی پی):کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل نے کہا ہے کہ درخت نہ صرف ماحول کو سرسبز و شاداب بناتے ہیں بلکہ فضائی آلودگی کے خاتمے، درجہ حرارت میں کمی اور انسانی صحت کے تحفظ میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہر شہری کو چاہیے کہ وہ شجرکاری مہم کے تحت اپنے حصے کا کم از کم ایک پودا ضرور لگائے اور اس کی دیکھ بھال کی زمہ داری لے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار حکومت پنجاب کی شجرکاری مہم کے تحت کمشنر آفس کے لان میں پودا لگا کر شجرکاری مہم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن ڈاکٹر سیف اللہ بھٹی، ڈائریکٹر ڈیویلپمنٹ اینڈ فنانس شفیق احمد ڈوگر، اے سی جنرل غلام حسین بھٹی سمیت دیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے جنہوں نے شجر کاری مہم کے تحت پودے لگائے۔ کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے شہریوں سے اپیل کی کہ "پودے لگائیں، اپنے شہر اور ملک کو سجائیں”۔ درخت زمین کا زیور اور کائنات کا حسن ہیں، جبکہ موسمیاتی تبدیلی کے منفی اثرات سے نمٹنے کے لیے زیادہ سے زیادہ درخت لگانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ درخت لگانے کے ساتھ ساتھ اپنے اردگرد کے ماحول کو صاف ستھرا رکھنا بھی ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے تاکہ آئندہ نسلوں کو ایک صحت مند اور خوشگوار ماحول فراہم کیا جا سکے