پاکستانی سفیر ممتاز زہرا بلوچ کی سالانہ ’راویواج ڈی لا فلیم‘ کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت

پاکستانی سفیر ممتاز زہرا بلوچ کی سالانہ ’راویواج ڈی لا فلیم‘ کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت

پیرس۔6اگست (اے پی پی):فرانس میں پاکستان کی سفیر ممتاز زہرا بلوچ نے پیرس میں ’’آرک ڈی ٹریمف‘‘ کے نیچے واقع گمنام سپاہی کی قبر پر منعقد ہونے والی سالانہ ’راویواج ڈی لا فلیم‘ (شمع دوبارہ روشن کرنے کی) سالانہ تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔

پاکستانی سفارت خانے سے جاری بیان کے مطابق ’’آرک ڈی ٹریمف‘‘ پہنچنے پر پاکستان کی سفیر کا رائل برٹش لیجن (پیرس برانچ) کے نمائندوں نے پرتپاک استقبال کیا۔ انہوں نے نامعلوم سپاہی کی قبر پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور پہلی اور دوسری عالمی جنگ کے دوران جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے برطانوی اور دولت مشترکہ کے فوجیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ تقریب میں فرانسیسی فوج کی جانب سے اعزازی سلامی، گارڈ دستے اور فوجی بینڈ نے شرکت کی جس نے پاکستان اور فرانس کے قومی ترانے بھی پیش کیے۔

اس موقع پر فرانسیسی فوجی اور سول حکام، رائل برٹش لیجن کے نمائندے، سفارت کاروں، برطانیہ اور دولت مشترکہ کے حاضر سروس و سابق فوجی بھی موجود تھے۔

مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات قلم بند کرتے ہوئے سفیر ممتاز زہرا بلوچ نے امن اور انسانیت کے بہتر مستقبل کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے تمام افراد کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔ 1924ء سے ہر سال 4 اگست کو رائل برٹش لیجن (پیرس برانچ) آرک ڈی ٹریمف میں شمع دوبارہ روشن کرنے کی یہ روایتی تقریب منعقد کرتا ہے جس میں پہلی اور دوسری عالمی جنگ کے دوران لقمہ اجل بننے والے برطانوی اور دولت مشترکہ کے فوجیوں کی یاد میں انہیں خراج عقیدت پیش کیا جاتا ہے۔