خیبرپختونخوا حکومت کا ضم شدہ اضلاع کے لئے 47 ارب روپے کے ترقیاتی پروگرام کا منصوبہ
خیبرپختونخوا حکومت کا ضم شدہ اضلاع کے لئے 47 ارب روپے کے ترقیاتی پروگرام کا منصوبہ

مزید خبریں
اسلام آباد۔6اگست (اے پی پی):خیبرپختونخوا حکومت ضم شدہ اضلاع میں بنیادی ڈھانچے کی توسیع اور عوامی خدمات کی فراہمی بہتر بنانے کے لئے ورلڈ بینک کے تعاون سے 17 کروڑ 50 لاکھ امریکی ڈالر (47 ارب 25 کروڑ روپے) کے ترقیاتی پروگرام کا آغاز کرنے جا رہی ہے۔ ویلتھ پاکستان کو دستیاب سرکاری دستاویزات کے مطابق "ملٹی سیکٹورل انویسٹمنٹس اینڈ امپرووڈ سروس ڈلیوری اِن مرجڈ ایریاز” کے عنوان سے اس منصوبے کے تحت پانی کی فراہمی، نکاسی آب، دیہی سڑکوں، زراعت اور آبپاشی کے بنیادی ڈھانچے میں سرمایہ کاری کی جائے گی۔دستاویزات کے مطابق اس پروگرام میں پسماندہ علاقوں کو ترجیح دی جائے گی تاکہ رابطہ نظام بہتر بنایا جا سکے، معاشی سرگرمیوں میں اضافہ ہو اور انسانی وسائل کی ترقی کو فروغ ملے۔منصوبے کے تحت پانی کے شعبے میں محفوظ پینے کے پانی، صفائی کی سہولتوں اور گندے پانی کی صفائی کے نظام پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔زرعی شعبے میں ویلیو ایڈیشن، زرعی مصنوعات کی پروسیسنگ، فصلوں میں تنوع، پیداوار میں اضافہ، مارکیٹنگ اور اہم زرعی شعبوں میں تربیتی پروگراموں پر سرمایہ کاری کی جائے گی۔دستاویزات کے مطابق پروگرام میں ضلعی کمپلیکسز اور سب ڈویژنل انتظامی دفاتر کی تعمیر، بحالی اور توسیع بھی شامل ہے جبکہ انہیں صوبائی محکموں سے مؤثر طور پر منسلک کرنے کے لئے رابطہ سڑکیں بھی تعمیر کی جائیں گی تاکہ مقامی اور صوبائی انتظامی نظام کے درمیان بہتر ہم آہنگی پیدا ہو۔منصوبے کے تحت تعمیر کئے جانے والے تمام سرکاری اداروں میں توانائی کے مؤثر استعمال اور ماحول دوست ڈیزائن کو اپنایا جائے گا جبکہ منصوبہ بندی میں عوامی شمولیت کو بھی خصوصی اہمیت دی جائے گی۔دستاویزات کے مطابق اس پروگرام کے تحت فزیبلٹی سٹڈیز، انجینئرنگ ڈیزائن، سروے، ماحولیاتی اور سماجی اثرات کے جائزے، منصوبہ وار ماحولیاتی و سماجی انتظامی منصوبے، لیبر مینجمنٹ پلان، تعمیراتی نگرانی اور دیگر معاون خدمات کی مالی معاونت بھی فراہم کی جائے گی۔اس انتظام کے تحت خیبرپختونخوا حکومت ضلعی کمپلیکسز کے لئے زمین فراہم کرے گی جبکہ منصوبے پر کام کرنے والے تکنیکی اور فیلڈ عملے کی تنخواہوں کی ذمہ داری بھی صوبائی حکومت اٹھائے گی۔دستاویزات کے مطابق اس سرمایہ کاری کا بنیادی مقصد ضم شدہ اضلاع میں بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانا اور عوامی خدمات کی فراہمی کو مزید مؤثر بنانا ہے۔







