آئی جی پنجاب کی پیپراکی مینیجنگ ڈائریکٹر سے ملاقات

آئی جی پنجاب کی پیپراکی مینیجنگ ڈائریکٹر سے ملاقات

لاہور۔7اگست (اے پی پی):انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب عبدالکریم نے کہا ہے کہ پنجاب پبلک پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی (پیپرا) کے ای پروکیورمنٹ سسٹم سے قواعد و ضوابط کے مطابق سرکاری خریداری کے عمل میں وقت اور اخراجات کی بچت کے ساتھ شفافیت کو بھی یقینی بنایا جا سکے گا۔وہ جمعہ کو سنٹرل پولیس آفس میں پنجاب پبلک پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی (پیپرا) کی مینیجنگ ڈائریکٹر صاحبزادی وسیمہ عمر سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کر رہے تھے۔ آئی جی پنجاب نے پنجاب پولیس کے افسران اور ملازمین کو ای پروکیورمنٹ سسٹم کے فیچرز، استعمال اور پیپرا رولز سے متعلق تربیت فراہم کرنے کے اقدام کو سراہا۔ترجمان پولیس کے مطابق ملاقات کے اختتام پر آئی جی پنجاب عبدالکریم اور ایم ڈی پیپرا صاحبزادی وسیمہ عمر کے درمیان یادگاری شیلڈز (سووینئرز) کا تبادلہ بھی ہوا۔اس موقع پر حکومت پنجاب کے جدید ای پروکیورمنٹ سسٹم اور پیپرا رولز سے متعلق پولیس افسران کے لیے خصوصی تربیتی سیشن بھی منعقد کیا گیا، جس میں ڈی آئی جی لاجسٹکس اینڈ پروکیورمنٹ شارک کمال صدیقی، ڈی آئی جی ٹیکنیکل پروکیورمنٹ صاحبزادہ بلال عمر، اے آئی جی لاجسٹکس فیصل شہزاد، اے آئی جی پروکیورمنٹ رضوان عمر گوندل سمیت دیگر سینئر افسران اور ملازمین نے شرکت کی۔تربیتی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈی پیپرا صاحبزادی وسیمہ عمر نے کہا کہ حکومت پنجاب نے ای پروکیورمنٹ پراجیکٹ کے تحت تمام سرکاری اداروں کے خریداری نظام کو آن لائن کر دیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ای پروکیورمنٹ سسٹم کے ذریعے تمام ادارے قواعد و ضوابط کے مطابق اپنے آرڈرز آن لائن بک کروا سکتے ہیں جبکہ بڈنگ، ایویلیوایشن اور آرڈر سمیت تمام مراحل بھی آن لائن مکمل کیے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ترقی یافتہ ممالک میں پروکیورمنٹ کے تمام مراحل آن لائن سسٹم کے ذریعے انجام دیے جاتے ہیں اور اس جدید نظام سے سرکاری اداروں کو معیاری اشیا کم قیمت پر خریدنے کا موقع میسر آئے گا۔ تربیتی سیشن کے دوران شریک افسران نے ای پروکیورمنٹ سسٹم کے فیچرز اور طریقہ کار سے متعلق مختلف سوالات بھی کیے۔