ایف آئی اے کا انسانی سمگلروں کے خلاف کریک ڈاؤن، سیالکوٹ، گوجرانوالہ اور گجرات سے 17 ملزمان گرفتار

وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف آئی اے) گوجرانوالہ زون نے انسانی سمگلنگ اور بیرون ملک روزگار کے نام پر شہریوں سے فراڈ میں ملوث عناصر کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران سیالکوٹ، گوجرانوالہ اور گجرات سرکلز میں کارروائیاں کرتے ہوئے 17 ملزمان کو گرفتار کر لیا

سیالکوٹ۔ 07 اگست (اے پی پی):وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف آئی اے) گوجرانوالہ زون نے انسانی سمگلنگ اور بیرون ملک روزگار کے نام پر شہریوں سے فراڈ میں ملوث عناصر کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران سیالکوٹ، گوجرانوالہ اور گجرات سرکلز میں کارروائیاں کرتے ہوئے 17 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ایف آئی اے کے ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان میں متعدد اشتہاری ملزمان بھی شامل ہیں جبکہ بعض مختلف مقدمات میں مطلوب تھے۔ ملزمان شہریوں کو اٹلی، اسپین، پرتگال، یونان، ملائیشیا، کمبوڈیا اور دیگر ممالک میں روزگار دلوانے کا جھانسہ دے کر لاکھوں روپے وصول کرتے رہے۔ترجمان نے بتایا کہ گجرات سرکل نے اشتہاری ملزم اکبر علی کو گرفتار کیا جو تین مقدمات میں مطلوب تھا۔ ملزم اور اس کے ساتھیوں نے متاثرین سے 54 لاکھ 50 ہزار روپے وصول کیے اور انہیں لیبیا کے راستے یورپ بھجوانے کی کوشش کی، جہاں 2 اپریل 2026 کو کشتی حادثے میں تین پاکستانی جاں بحق ہو گئے۔اسی طرح گوجرانوالہ سرکل نے محمد جمیل کو گرفتار کیا جس پر دو افراد سے اٹلی بھجوانے کے نام پر 80 لاکھ روپے وصول کرنے کا الزام ہے جبکہ ایک اور کارروائی میں ندیم محمود کو گرفتار کیا گیا جس نے اٹلی بھجوانے کے بہانے 25 لاکھ روپے وصول کیے اور متاثرہ شخص کو لیبیا میں مبینہ طور پر قید کرکے مزید رقم طلب کی گئی۔ایف آئی اے کے مطابق سیالکوٹ سرکل نے بھی انسانی سمگلنگ کے مقدمات میں مطلوب متعدد ملزمان کو گرفتار کیا ہے۔ مختلف مقدمات میں مجموعی طور پر 3 کروڑ 43 لاکھ 35 ہزار 9 روپے کے فراڈ کا انکشاف ہوا ہے۔ گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرکے مزید تفتیش جاری ہے جبکہ نیٹ ورک کے دیگر ارکان کی گرفتاری کے لیے بھی کارروائیاں جاری ہیں۔

مزید خبریں