سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کا میجر طفیل محمد شہید، نشان حیدر کو خراج عقیدت پیش

سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے میجر طفیل محمد شہید، نشان حیدر کو ان کی 68 ویں یوم شہادت پر زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے مادر وطن کے دفاع میں ان کی بے مثال جرات اور قربانیوں کو سراہا۔

اسلام آباد۔8اگست (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے میجر طفیل محمد شہید، نشان حیدر کو ان کی 68 ویں یوم شہادت پر زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے مادر وطن کے دفاع میں ان کی بے مثال جرات اور قربانیوں کو سراہا۔ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے ہفتہ کو جاری اپنے پیغام میں اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ میجر طفیل محمد شہید نے لکشمی پور سیکٹر میں ملک کا دفاع کرتے ہوئے جام شہادت نوش کیا، شدید زخمی ہونے کے باوجود انہوں نے بہادری سے دشمن کا مقابلہ کیا اور مثالی ہمت اور عزم کا مظاہرہ کیا۔ سردار ایاز صادق نے کہا کہ میجر طفیل محمد شہید کی قربانی اور بہادری ہمیشہ قوم کے لیے باعث فخر رہے گی اور نوجوان نسل کے لیے مشعل راہ بنے گی۔انہوں نے کہا کہ میجر طفیل محمد شہید کی عظیم قربانی افواج پاکستان کی شاندار روایات کا ایک روشن باب ہے جب کہ ان کی بے مثال بہادری ملک کی مسلح افواج کے عزم اور حوصلے کی علامت ہے۔اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ شہداء کی لازوال قربانیاں پاکستان کی خود مختاری اور قومی سلامتی کی مضبوط بنیاد ہیں۔ قوم نے اپنے عظیم شہداء کو ہمیشہ انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھا ہے اور مادر وطن کے دفاع کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں پر بے پناہ فخر کرتی ہے۔انہوں نے پاکستان کی مسلح افواج کے افسروں اور جوانوں کی ملک کے ساتھ غیر متزلزل وفاداری اور پیشہ وارانہ عزم کو بھی سراہا۔ سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ اپنے عظیم شہداء کا مقروض رہے گا ۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ میجر طفیل محمد شہید، نشان حیدر کے درجات کو بلند کرے۔