پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان ہونے والا مکہ مشترکہ دفاعی معاہدہ پاکستان کے لیے ایک بڑا سفارتی و دفاعی سنگ میل ہے،بیرسٹر دانیال چوہدری

وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و نشریات بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان ہونے والا مکہ مشترکہ دفاعی معاہدہ پاکستان کے لیے ایک بڑا سفارتی و دفاعی سنگ میل ہے۔ یہ معاہدہ تین برادر ممالک کے درمیان باہمی اعتماد، اخوت اور مشکل وقت میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے ہونے کے عزم کا مظہر ہے۔

راولپنڈی۔8اگست (اے پی پی):وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و نشریات بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان ہونے والا مکہ مشترکہ دفاعی معاہدہ پاکستان کے لیے ایک بڑا سفارتی و دفاعی سنگ میل ہے۔ یہ معاہدہ تین برادر ممالک کے درمیان باہمی اعتماد، اخوت اور مشکل وقت میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے ہونے کے عزم کا مظہر ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان تاریخی دفاعی معاہدے کو ممکن بنانے میں وزیراعظم محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے کردار کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ معاہدہ نہ صرف تینوں برادر ممالک کے باہمی اعتماد اور یکجہتی کا عکاس ہے بلکہ خطے اور عالمی امن و استحکام کے لیے بھی ایک تاریخی پیش رفت کی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تینوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون دہشت گردی اور خطے میں عدم استحکام پیدا کرنے والے عناصر کے خلاف مؤثر روک تھام ثابت ہو گا۔ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ مل کر امن و سلامتی کے لیے مضبوط آواز بنیں گے۔ دانیال چوہدری نے کہا کہ یہ معاہدہ خطے میں امن، استحکام اور طاقت کے توازن کو برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ پارلیمانی سیکرٹری نے کہا کہ بھارتی میڈیا کی جانب سے بھی معاہدے کو پاکستان کے لیے اہم دفاعی معاہدہ قرار دینا اس کی اسٹریٹجک اہمیت اور پاکستان کے دفاعی مفادات کے اعتراف کا واضح ثبوت ہے۔ پاکستان ایک ایسی قوم ہے جو اپنے شہداء کی قربانیوں، عزم اور حوصلے کی علامت ہے جبکہ ہمارے بہادر جوان وطن کے دفاع کے لیے مسلسل قربانیاں دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دفاعی معاہدہ پاکستان کے لیے باعث فخر ہے اور آنے والے وقت میں ملک کے وقار، سلامتی اور دفاع کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔