نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے نجکاری کا اجلاس،آئیسکو،فیسکواور گیپکوکی نجکاری پر پیش رفت کا جائزہ

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے نجکاری کا اجلاس منعقد ہواجس میں اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی، فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی اور گوجرانوالہ الیکٹرک پاور کمپنی کی نجکاری پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا

اسلام آباد۔8اگست (اے پی پی):نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے نجکاری کا اجلاس منعقد ہواجس میں اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی، فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی اور گوجرانوالہ الیکٹرک پاور کمپنی کی نجکاری پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا، کمیٹی نے نجکاری کمیشن کو ہدایت کی کہ پاور ڈویژن کے ساتھ مشاورتی عمل آئندہ ہفتے کے اوائل تک مکمل کیا جائے تاکہ کمیٹی نجکاری کے حوالے سے فیصلہ کر سکے۔نائب وزیر اعظم کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم کے ہمراہ سعودی عرب کے دورے سے واپسی پر ہفتہ کی شام اسلام آباد میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے نجکاری کا اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی(آئیسکو)، فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی(فیسکو)اور گوجرانوالہ الیکٹرک پاور کمپنی ( گیپکو)کی نجکاری پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ کمیٹی نے نجکاری کمیشن کو ہدایت کی کہ پاور ڈویژن کے ساتھ مشاورتی عمل آئندہ ہفتے کے اوائل تک مکمل کیا جائے تاکہ کمیٹی نجکاری کے حوالے سے فیصلہ کر سکے۔کمیٹی نے نجکاری پروگرام میں مزید اداروں کو شامل کرنے کی تجاویز پر بھی غور کیا اور نجکاری ڈویژن کی سفارشات کو ترامیم کے ساتھ منظور کر لیا۔ نجکاری کمیشن کا بجٹ بھی اجلاس میں پیش کیا گیا، جسے ترامیم کے ساتھ منظور کر لیا گیا۔کابینہ کمیٹی برائے نجکاری نے سالانہ نجکاری پروگرام اور آئندہ کے لائحہ عمل کا بھی جائزہ لیا اور کمیشن کو نجکاری کے عمل میں تیزی لانے کی ہدایت کی۔نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے تمام متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ مربوط اور بروقت اقدامات یقینی بنائیں، نجکاری کے عمل کو تیز کریں اور حکومت کے وسیع تر ڈھانچہ جاتی اصلاحات کے ایجنڈے ، کارکردگی میں بہتری اور معاشی انتظام کو مضبوط کرنے پر پیش رفت برقرار رکھیں۔ اجلاس میں وفاقی وزیر برائے توانائی، وزیراعظم کے مشیر برائے نجکاری، وزیر اعظم کے معاون خصوصی طارق باجوہ، سیکرٹری پاور ڈویژن ، سیکرٹری نجکاری ڈویژن، سیکرٹری نجکاری کمیشن، سیکرٹری تجارت، سیکرٹری کابینہ، ایڈیشنل سیکرٹری صنعت و پیداوار سمیت وزارتِ دفاع اور وزارتِ خزانہ، ایف بی آر، سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے سینئر حکام نے شرکت کی۔