وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ ایکسل لوڈ پالیسی کے تحت کسی بھی اوورلوڈ گاڑی کو موٹرویز پر داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی جبکہ گڈز ٹرانسپورٹ کے شعبے کے جائز مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے
گڈز ٹرانسپورٹرزکو موٹروے پولیس سے شکایات سمیت مسائل جلد حل کریں گے ، ’’اوورلوڈڈ‘‘ گاڑی موٹروے پر نہیں آنے دیں گے، عبدالعلیم خان

مزید خبریں
اسلام آباد۔8اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ ایکسل لوڈ پالیسی کے تحت کسی بھی اوورلوڈ گاڑی کو موٹرویز پر داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی جبکہ گڈز ٹرانسپورٹ کے شعبے کے جائز مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے۔انہوں نے یہ یقین دہانی آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹرز الائنس کے عہدیداران سے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس کے دوران کرائی۔ اجلاس میں ایکسل لوڈ کی حد، متعلقہ ایس آر اوز، موٹرویز پر ہیوی گاڑیوں کی آمدورفت اور ٹرانسپورٹرز کو درپیش دیگر مسائل پر تفصیلی غور کیا گیا۔ وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان سے آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد کے عہدیداران سے وڈیو لنک پر اجلاس منعقد کیا جس پر انہوں نے ایکسل لوڈ،ایس آر او، موٹرویز پر بھاری گاڑیوں کے مسائل اور دیگر امور پر تفصیلی بات چیت کی۔ وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا کہ موٹرویز اور شاہراہوں کے تحفظ کے لیے ٹرانسپورٹرز کو تعاون کرنا چائیے اور مقررہ حد سے زیادہ وزن لادنے سے اجتناب کرنا چاہیے۔وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے یہ یقین دلایا کہ گڈز ٹرانسپورٹ کے تمام جائز مطالبات تسلیم کیے جائیں گے۔وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے گڈزٹرانسپورٹرز کے نمائندہ وفد کو سوموار کو اسلام آبادمیں بلا لیا۔اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کا مزید کہنا تھا کہ موٹروے پولیس کو ایک ماہ میں کرپشن فری کریں گے۔انہوں نے آئی جی موٹرویزکو ہدایت کی کہ وہ اس امر کو یقینی بنائیں کہ رشوت لینے اور بدعنوانی کا مرتکب ایک بھی اہلکار ادارے میں باقی نہ بچے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ موٹرویز اور قومی شاہراہیں ہمارا قومی اثاثہ ہیں اور خوشی ہے کہ ٹرانسپورٹ مالکان بھی ہماری ایکسل لوڈ پالیسی سے متفق ہیں تا کہ ہم سب مل کر روڈ انفراسٹرکچر کی حفاظت کر سکیں، وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ نیت درست ہو تو ہر مسئلے کا حل نکالا جا سکتا ہے، جب تک آپس میں بیٹھیں گے نہیں تو بات آگے کیسے چلے گی؟۔وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کا مزید کہنا تھا کہ بد عنوانیوں کے مرتکب اہلکاروں کو صرف برطرف نہیں کریں گے بلکہ ان کے خلاف پرچے بھی درج کریں گے، وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا کہ مزدا ایسوسی ایشن اور 10 ویلرز کے مسائل بھی ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے۔ آل پاکستان گڈز اتحاد کے عہدیداران سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کا مزید کہنا تھا کہ ہم سب نے مل کر ملک و قوم کا سوچنا ہے اور یہ امر طے ہے کہ ایک بھی ’’اوور لوڈڈ‘‘ گاڑی کو موٹروے پر نہیں آنے دیں گے۔وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے کہا کہ ایکسل لوڈ پالیسی پر آج سے ہی عملدرآمد ہو گااور کالی بھیڑوں کو نکال باہر کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ گڈز ٹرانسپورٹرز کو انتہائی اقدام کی طرف نہیں جانا چاہیے بلکہ ملکی مفاد کا خیال رکھتے ہوئے بات چیت کا راستہ اپنانا چاہیے۔ اجلاس میں وفاقی سیکرٹری مواصلات، آئی جی موٹرویز، چاروں صوبوں کے سیکرٹریزٹرانسپورٹ اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔جبکہ گڈز ٹرانسپورٹ کی نمائندہ تنظیموں کے عہدیداران نے وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کو مسائل سے آگاہ کیا۔ اس اجلاس میں شبیر ملک، اویس چوہدری، چوہدری مقبول، محمد بلوچ، چوہدری شاہد، حاجی نواز،ناصر حسین جعفری، مرزا نصیر الدین، عدیل عباسی اور دیگر گڈز ٹرانسپورٹرز بھی شریک تھے۔جبکہ ملک شیر اعوان، افتخار بٹ، ملک شفاء اللہ، ندیم افضل نے بھی اظہار خیال کیا تمام شرکاء نے وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کی ایکسل لوڈ پالیسی کو سراہتے ہوئے بھرپور تائید کا اعلان کیا۔







