وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و نشریات بیرسٹر دانیال چوہدری نے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان مکہ جوائنٹ ڈیفنس ایگریمنٹ کو پاکستان کے لیے ایک بڑا سفارتی اور دفاعی سنگِ میل قرار دیا ہے۔
مکہ دفاعی معاہدہ پاکستان کے لیے بڑا سفارتی و تزویراتی سنگِ میل ہے، دانیال چوہدری

مزید خبریں
اسلام آباد۔8اگست (اے پی پی):وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و نشریات بیرسٹر دانیال چوہدری نے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان مکہ جوائنٹ ڈیفنس ایگریمنٹ کو پاکستان کے لیے ایک بڑا سفارتی اور دفاعی سنگِ میل قرار دیا ہے۔ہفتہ کواپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ یہ معاہدہ تین برادر ممالک کے باہمی اعتماد، یکجہتی اور مشکل وقت میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے ہونے کے عزم کا مظہر ہےجبکہ یہ علاقائی امن، استحکام اورسلامتی کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔دانیال چوہدری نے تاریخی دفاعی معاہدے کو ممکن بنانے میں وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے کردار کو خراج تحسین پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ معاہدہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان اتحاد اور باہمی اعتماد کا عملی اظہار ہونے کے ساتھ ساتھ علاقائی و عالمی امن و استحکام کے لیے بھی ایک اہم پیش رفت ہے۔پارلیمانی سیکرٹری نے کہا کہ تینوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون میں اضافے سے دہشت گردی اور خطے میں عدم استحکام پیدا کرنے والی قوتوں کی روک تھام میں مدد ملے گی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ مل کر امن و سلامتی کے لیے ایک مضبوط آواز بن کر ابھریں گے۔بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا کہ یہ معاہدہ خطے میں امن، استحکام اور طاقت کے توازن کو برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔انہوں نے بھارتی میڈیا کی ان رپورٹس کا بھی حوالہ دیا جن میں معاہدے کو پاکستان کے لیے ایک اہم دفاعی معاہدہ قرار دیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ امر معاہدے کی تزویراتی اہمیت اور پاکستان کے دفاعی مفادات کے اعتراف کی عکاسی کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے شہداء کی قربانیوں، عزم اور بہادری سے پہچانا جاتا ہے، جبکہ ملک کی مسلح افواج دفاعِ وطن کے لیے مسلسل قربانیاں دے رہی ہیں۔دانیال چوہدری نے مکہ دفاعی معاہدے کو پاکستان کے لیے باعثِ فخر قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ معاہدہ آنے والے برسوں میں ملک کے وقار، سلامتی اور دفاع کو مزید مضبوط بنانے میں معاون ثابت ہوگا۔







