اسسٹنٹ کمشنر مانسہرہ کی زیرِ صدارت جشنِ آزادی کی تقریبات کے انتظامات اور تیاریوں کے حوالےسے اجلاس

اسسٹنٹ کمشنر مانسہرہ ثناء فاطمہ کی زیرِ صدارت جشنِ آزادی پاکستان، 14 اگست کی تقریبات کے انتظامات اور تیاریوں کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔

ایبٹ آباد۔ 09 اگست (اے پی پی):اسسٹنٹ کمشنر مانسہرہ ثناء فاطمہ کی زیرِ صدارت جشنِ آزادی پاکستان، 14 اگست کی تقریبات کے انتظامات اور تیاریوں کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں تمام متعلقہ سرکاری محکموں کے افسران و نمائندگان، تاجر برادری کے نمائندگان اور زندگی کے مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے معززین نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران جشنِ آزادی کی تقریبات کو شایانِ شان، منظم اور قومی جذبے سے بھرپور انداز میں منعقد کرنے کے لیے مختلف امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر سرکاری و نجی عمارات، بازاروں اور اہم مقامات پر قومی پرچموں اور سبز ہلالی پرچموں کی سجاوٹ، صفائی ستھرائی، سکیورٹی، ٹریفک مینجمنٹ اور دیگر انتظامات کو یقینی بنانے کے حوالے سے متعلقہ اداروں کو ضروری ہدایات جاری کی گئیں۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر مانسہرہ ثناء فاطمہ نے کہا کہ 14 اگست محض ایک دن نہیں بلکہ ہمارے قومی اتحاد، آزادی اور تجدیدِ عہد کا دن ہے۔ جشنِ آزادی کی تقریبات میں عوام، تاجر برادری، نوجوانوں، طلبہ اور تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی بھرپور شرکت کو یقینی بنایا جائے تاکہ یومِ آزادی کو قومی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا سکے۔اجلاس میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ پاکستان کی آزادی، امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے ہر فرد اپنا مثبت کردار ادا کرے گا۔