ڈی ایچ اے اسلام آباد کی سب مل کر سرسبز کل کےلئےمون سون شجرکاری مہم کا آغاز

ڈیفنس ہائوسنگ اتھارٹی (ڈی ایچ اے) اسلام آباد کی ’’سب مل کر سرسبز کل کےلئے‘‘ شجرکاری مہم کے تحت مون سون شجرکاری مہم 2026 کا آغاز کر دیا گیا جس کے تحت تقریباً 50 ہزار مقامی اور پھل دار درخت لگائے جائیں گے۔

اسلام آباد۔9اگست (اے پی پی):ڈیفنس ہائوسنگ اتھارٹی (ڈی ایچ اے) اسلام آباد کی ’’سب مل کر سرسبز کل کےلئے‘‘ شجرکاری مہم کے تحت مون سون شجرکاری مہم 2026 کا آغاز کر دیا گیا جس کے تحت تقریباً 50 ہزار مقامی اور پھل دار درخت لگائے جائیں گے۔

اتوار کو یہاں جاری ایک بیان کے مطابق شجرکاری مہم میں طلبا و طالبات، یونیورسٹی طلبہ اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی ، نوجوانوں نے شجرکاری مہم میں بھرپور حصہ لیتے ہوئے پودے بھی لگائے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے شجر کاری مہم کے شرکا نے کہا کہ پاکستان کو سرسبز و شاداب بنانے کےلئے شجرکاری ناگزیر ہے،ماحولیاتی تبدیلیوں کے منفی اثرات سے نمٹنے کےلئے زیادہ سے زیادہ درخت لگانا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے متاثر ہونے والے ممالک میں شامل ہے، درخت ماحولیاتی آلودگی میں کمی اور صاف ہوا کی فراہمی کا اہم ذریعہ ہیں،شجرکاری ماحولیاتی تحفظ کے ساتھ ساتھ آنے والی نسلوں کے محفوظ مستقبل کی ضمانت ہے۔ شرکا نے کہا کہ نوجوان نسل کو شجرکاری اور ماحولیاتی تحفظ کی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ مقامی اور پھل دار درختوں کی افزائش سے ماحول کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔

شرکا نے کہا کہ سرسبز پاکستان کےلئے اجتماعی کوششوں کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے،درختوں کی تعداد میں اضافہ موسمی شدت اور ماحولیاتی آلودگی کے اثرات کم کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ شجرکاری صرف ایک دن کی سرگرمی نہیں بلکہ مسلسل قومی ذمہ داری ہے، پودے لگانے کے ساتھ ان کی نگہداشت اور افزائش بھی ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے، صاف، صحت مند اور سرسبز پاکستان کےلئے ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا،آج لگایا گیا ایک پودا آنے والی نسلوں کےلئے قیمتی اثاثہ ثابت ہو سکتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ شجرکاری مہم کا مقصد ماحول دوست اور سرسبز معاشرے کے قیام کو فروغ دینا ہے،سرسبز پاکستان، صحت مند پاکستان اور محفوظ مستقبل کےلئے شجرکاری وقت کی ضرورت ہے۔