نیشنل مائنورٹی ویک کے سلسلے میں پنجاب یونیورسٹی میں تقریری اور ڈاکومنٹری مقابلوں کا شاندار انعقاد کیا گیا۔
نیشنل مائنورٹی ویک، پنجاب یونیورسٹی میں تقریری و ڈاکومنٹری مقابلوں کا شاندار انعقاد

مزید خبریں
لاہور۔9اگست (اے پی پی):نیشنل مائنورٹی ویک کے سلسلے میں پنجاب یونیورسٹی میں تقریری اور ڈاکومنٹری مقابلوں کا شاندار انعقاد کیا گیا۔
ترجمان کے مطابق صوبائی وزیر اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے تقریری و ڈاکومنٹری مقابلوں کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر پنجاب بھر سے آئے طلبہ نے تقریری اور ڈاکومنٹری مقابلوں میں بھرپور شرکت کرتے ہوئے اپنی صلاحیتوں کا شاندار مظاہرہ کیا۔ تقریری مقابلے کی اردو کیٹیگری میں حافظ عبدالرحمن، ایمن اور حماد الرحمن نے نمایاں پوزیشنز حاصل کیں۔ انگریزی تقریری مقابلے میں مزمل، فرید خان اور سعد الحسن نے پہلی تین پوزیشنز حاصل کیں جبکہ ڈاکومنٹری مقابلے میں عائشہ اکرم، عامر خان ملیزئی اور ڈاکٹر عاطف اشرف نے پہلی تین پوزیشنز حاصل کیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ نوجوان قوم کا مستقبل ہیں، انہیں بہت آگے بڑھتا اور پاکستان کا نام پوری دنیا میں روشن کرتا دیکھنا چاہتا ہوں، میں چاہتا ہوں نوجوان دنیا بھر میں پاکستان کو لیڈ کریں اور ملک کا مثبت تشخص اجاگر کریں۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل مائنورٹی ویک کے ذریعے نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار اور پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کرنے کے مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب کی قیادت میں اقلیتی برادری اور نوجوانوں کے لیے مثبت اور تعمیری سرگرمیوں کو فروغ دیا جا رہا ہے، نوجوان قائداعظم کے وژن اور پاکستان کی ترقی کے سفر کو آگے بڑھانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ تقریری و ڈاکومنٹری مقابلوں کے کامیاب طلبہ کو 11 اگست کو نیشنل مائنارٹی ڈے کی شاندار تقریب میں انعامات دیے جائیں گے۔








