صدر سرگودھا چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری خواجہ یاسر قیوم نے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان ہونے والے اہم اور تاریخی اسٹریٹجک دفاعی معاہدے کا بھرپور خیرمقدم کرتے ہوئے اسے خطے میں امن، استحکام اور اجتماعی سلامتی کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔
صدر سرگودھا چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری کا مکہ دفاعی معاہدے کا خیر مقدم
سرگودھا۔ 10 اگست (اے پی پی):صدر سرگودھا چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری خواجہ یاسر قیوم نے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان ہونے والے اہم اور تاریخی اسٹریٹجک دفاعی معاہدے کا بھرپور خیرمقدم کرتے ہوئے اسے خطے میں امن، استحکام اور اجتماعی سلامتی کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔خواجہ یاسر قیوم نے کہا کہ یہ معاہدہ تینوں برادر اسلامی ممالک کے درمیان باہمی اعتماد، مضبوط تعلقات اور دفاعی تعاون کا مظہر ہے۔ اس معاہدے سے نہ صرف تینوں ممالک کی اجتماعی دفاعی صلاحیت مزید مضبوط ہوگی بلکہ خطے میں امن و استحکام کے فروغ میں بھی مدد ملے گی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دیرینہ برادرانہ اور اسٹریٹجک تعلقات قائم ہیں، جبکہ پاکستان اور سعودی عرب بھی مذہبی، تاریخی اور برادرانہ رشتوں میں مضبوطی سے بندھے ہوئے ہیں۔ تینوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کا فروغ مسلم دنیا کے اتحاد اور باہمی تعاون کی جانب ایک مثبت قدم ہے۔صدر چیمبر نے کہا کہ امن و استحکام معاشی ترقی، سرمایہ کاری اور تجارت کے فروغ کے لیے بنیادی ضرورت ہیں۔ اسٹریٹجک تعاون کے ساتھ ساتھ تینوں ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی اور کاروباری روابط کو بھی مزید فروغ دیا جانا چاہیے، جس سے خطے میں معاشی خوشحالی کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔خواجہ یاسر قیوم نے امید ظاہر کی کہ یہ معاہدہ تینوں ممالک کے درمیان باہمی تعاون کو مزید مستحکم کرے گا اور خطے میں پائیدار امن، سلامتی اور خوشحالی کے قیام میں اہم کردار ادا کرے گا۔








