ڈپٹی کمشنربھکر احسان علی جمالی کی زیرِ صدارت جشنِ آزادی کی تقریبات کےانتظامات کو حتمی شکل دینے کےحوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا
جشنِ آزادی کی تقریبات کےانتظامات کو حتمی شکل دینے کےحوالے سے جائزہ اجلاس

مزید خبریں
بھکر۔ 11 اگست (اے پی پی):ڈپٹی کمشنربھکر احسان علی جمالی کی زیرِ صدارت جشنِ آزادی کی تقریبات کےانتظامات کو حتمی شکل دینے کےحوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔اس موقع پرایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ڈاکٹر ارشد وٹو،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر انفورسمنٹ حسن نذیر،اسسٹنٹ کمشنرز غلام محی الدین رضا،ظہیر الدین بابر، رانا محمد شفیق،فیض فرید سمیت صوبائی اور وفاقی محکموں کے افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں جشنِ آزادی کے سلسلہ میں ضلع بھر میں منعقد ہونے والی مختلف تقریبات، سرکاری و نجی عمارتوں کی سجاوٹ، شجرکاری اور دیگر انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پرڈپٹی کمشنر احسان علی جمالی نے کہا کہ وطنِ عزیز کا 80 واں یومِ آزادی قومی جوش و جذبے ،ملی یکجہتی اور بھرپور ولولے کے ساتھ منایا جائے گا ۔
اس سلسلہ میں ضلع بھرکی تمام سرکاری و نجی عمارتوں کو برقی قمقموں،قومی پرچموں اور دیگر قومی رنگوں سے سجایا جائے گا جبکہ تمام تحصیلوں کی سطح پر بھی جشنِ آزادی کے حوالہ سے خصوصی تقریبات منعقد کی جائیں گی۔انہوں نے بتایا کہ جشنِ آزادی کی مرکزی تقریب 14اگست کو صبح 8 بجے ضلع کونسل ہال میں منعقد ہوگی جس میں تمام سرکردہ شخصیات،مختلف تعلیمی اداروں کے طلبہ و طالبات اور دیگر سرکاری محکموں کے افسران و اہلکاران شرکت کریں گے۔تقریب میں پرچم کشائی، قومی ترانہ، ملی نغمے، تقاریر اور دیگر خصوصی پروگرامز کے ساتھ پلانٹ فار پاکستان مہم کے تحت شجرکاری بھی کی جائے گی۔








