راولپنڈی میں انسداد پولیو مہم کا دوسرا روز، پہلے روز ایک لاکھ 57 ہزار سے زائد بچوں کو قطرے پلائے گئے

راولپنڈی کی چار تحصیلوں میں جاری خصوصی انسداد پولیو مہم کے دوسرے روز پولیو ٹیمیں پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے میں مصروف ہیں، مہم کے پہلے روز ایک لاکھ 57 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے گئے۔

راولپنڈی۔ 11 اگست (اے پی پی):راولپنڈی کی چار تحصیلوں میں جاری خصوصی انسداد پولیو مہم کے دوسرے روز پولیو ٹیمیں پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے میں مصروف ہیں، مہم کے پہلے روز ایک لاکھ 57 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے گئے۔انسداد پولیو پروگرام کے مطابق پہلے روز کینٹ تحصیل میں 32 ہزار سے زائد، سٹی تحصیل میں 35 ہزار سے زائد، رورل تحصیل میں 61 ہزار سے زائد جبکہ ٹیکسلا تحصیل میں 29 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے گئے۔

پولیو مہم چار روز تک جاری رہے گی جس کے دوران راولپنڈی کی چاروں تحصیلوں میں 7 لاکھ 74 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ مہم میں 3 ہزار سے زائد موبائل ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔انسداد پولیو پروگرام نے کہا ہے کہ فرنٹ لائن ورکرز بچوں کو معذوری سے محفوظ بنانے کے قومی مشن میں مصروف عمل ہیں۔ والدین پولیو ٹیموں سے مکمل تعاون کریں اور پانچ سال سے کم عمر تمام بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے ضرور پلوائیں۔پروگرام کے مطابق اگر پولیو ٹیم کسی گھر تک نہ پہنچ سکے تو والدین 1166 پر کال کرکے اطلاع دے سکتے ہیں۔

اسی طرح سفر کے دوران بس اڈوں، ریلوے اسٹیشنز اور دیگر خصوصی پوائنٹس پر موجود پولیو ٹیموں سے بھی بچوں کو قطرے ضرور پلوائے جائیں۔انسداد پولیو پروگرام نے کہا کہ پولیو ایک لاعلاج بیماری ہے جو عمر بھر کی معذوری کا سبب بن سکتی ہے، جبکہ پولیو ویکسین کی ہر خوراک بچے کی قوتِ مدافعت کو مزید مضبوط بناتی ہے۔ پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے والدین اور معاشرے کا اجتماعی تعاون ناگزیر ہے۔بچوں کی صحت اور انسداد پولیو مہم سے متعلق معلومات کے لیے 1166 پر کال یا 03467776546 پر واٹس ایپ کے ذریعے رابطہ کیا جا سکتا ہے۔

 

مزید خبریں