راولپنڈی میں بارشوں کے پیش نظر ریسکیو 1122 الرٹ، نشیبی علاقوں میں اہلکار تعینات

راولپنڈی/اسلام آباد میں بارشوں کے پیش نظر ریسکیو 1122 راولپنڈی کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔ ریسکیو اہلکاروں کو نالہ لئی کے اطراف اور مختلف نشیبی علاقوں میں تعینات کر دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری امدادی کارروائیاں یقینی بنائی جا سکیں۔

راولپنڈی۔12اگست (اے پی پی):راولپنڈی/اسلام آباد میں بارشوں کے پیش نظر ریسکیو 1122 راولپنڈی کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔ ریسکیو اہلکاروں کو نالہ لئی کے اطراف اور مختلف نشیبی علاقوں میں تعینات کر دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری امدادی کارروائیاں یقینی بنائی جا سکیں۔

میڈیا کوآرڈینیٹر ریسکیو 1122 راولپنڈی محمد عثمان گجر نے بتایا کہ ریسکیو اہلکار کٹاریاں، گوالمنڈی اور دیگر نشیبی علاقوں میں ڈیوٹی سرانجام دے رہے ہیں اور بارش کے دوران ان علاقوں میں مسلسل موجود رہیں گے۔انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ مون سون کے دوران انتہائی احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ والدین بارش کے دوران بچوں کو نالہ لئی اور بجلی کے کھمبوں کے قریب ہرگز نہ جانے دیں جبکہ شہری بارش کے دوران گاڑی چلاتے ہوئے رفتار کم رکھیں اور ممکنہ اربن فلڈنگ سے قبل محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں۔

محمد عثمان گجر نے شہریوں کو ہدایت کی کہ بارش کے دوران کمزور اور خستہ حال چھتوں کے نیچے جانے سے گریز کریں اور ندی نالوں کو عبور کرنے کی کوشش نہ کریں۔شدید بارش اور بادل پھٹنے کے خطرے کے پیش نظر شہریوں اور سیاحوں کو سیاحتی مقامات کا رخ نہ کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں شہری فوری طور پر ریسکیو ہیلپ لائن 1122 پر اطلاع دیں تاکہ امدادی ٹیمیں بروقت کارروائی کر سکیں۔

مزید خبریں