صدر مملکت آصف علی زرداری نے بدھ کو ایوان صدر میں اٹلی کے نامزد سفیر یوگو چیئرلاتانی (Ugo Ciarlatani) اور کوریا کے نامزد سفیر ہان سنگ ہو (Han Sungho) سے سفارتی اسناد وصول کیں۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے اٹلی کے نامزد سفیر یوگو چیئرلاتانی اور کوریا کے نامزد سفیر ہان سنگ ہو سے سفارتی اسناد وصول کیں

مزید خبریں
اسلام آباد۔12اگست (اے پی پی):صدر مملکت آصف علی زرداری نے بدھ کو ایوان صدر میں اٹلی کے نامزد سفیر یوگو چیئرلاتانی (Ugo Ciarlatani) اور کوریا کے نامزد سفیر ہان سنگ ہو (Han Sungho) سے سفارتی اسناد وصول کیں۔
بدھ کو ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق نامزد سفیر یوگو چیئرلاتانی سے گفتگو کرتے ہوئے صدر مملکت نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ ان کی سفارتی مدت پاکستان اور اٹلی کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں معاون ثابت ہوگی۔ انہوں نے دوطرفہ تعلقات، بالخصوص تجارت اور سرمایہ کاری میں مسلسل اضافے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت ایک ارب امریکی ڈالر کی حد عبور کر چکی ہے۔
صدر مملکت نے سفارتی پاسپورٹ رکھنے والے افراد کے لیے ویزا شرائط کے خاتمے کے معاہدے پر دستخط کا بھی خیرمقدم کیا۔صدر مملکت نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی 2025-26 کی مدت کے لیے غیر مستقل رکن کی نشست کے لیے پاکستان کی بحیثیت امیدوار، اٹلی کی حمایت کو بھی سراہا۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان پل کا کردار ادا کرنے والی اٹلی میں مقیم پاکستانی برادری کی اہمیت کو اجاگر کیا۔کوریا کےنامزد سفیر ہان سنگ ہو سے ملاقات کے دوران صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان جمہوریہ کوریا کے ساتھ اپنے کثیر الجہتی تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔
انہوں نے تجارت اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو مزید وسعت دینے کی پاکستان کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے جامع اقتصادی شراکت داری معاہدے (سی ای پی اے) کے لیے جاری مذاکرات کا ذکر کیا۔ صدر مملکت نے موسمیاتی تبدیلی، ترقی اور دفاع کے شعبوں میں تعاون کا بھی خیرمقدم کیا۔صدر مملکت نے اس امید کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان جہاز سازی، ٹیکنالوجی اور اقتصادی ترقی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون مزید فروغ پاتا رہے گا۔سینیٹر سلیم مانڈوی والا اور سیکریٹری خارجہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔








