وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بلوچستان کے ضلع سوراب میں ’فتنہ الہندوستان‘ کے 18 دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کی اعلیٰ پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی شدید الفاظ میں ستائش کی ہے۔
وزیر داخلہ محسن نقوی کی سوراب میں 18 دہشت گردوں کی ہلاکت پر سکیورٹی فورسز کی ستائش

مزید خبریں
اسلام آباد۔12اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بلوچستان کے ضلع سوراب میں ’فتنہ الہندوستان‘ کے 18 دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کی اعلیٰ پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی شدید الفاظ میں ستائش کی ہے۔ایک بیان میں وزیر داخلہ نے دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو وقت پر ناکام بنانے پر فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے خلاف سکیورٹی فورسز کی نمایاں اور بروقت کامیابیاں انتہائی قابل تحسین ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ وطن کے بہادر سپوت بلوچستان میں امن و امان کے قیام کے لیے پوری طرح پرعزم ہیں اور ان کی یہ قربانیاں ضائع نہیں جائیں گی۔محسن نقوی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے مکمل اور قطعی خاتمے تک سکیورٹی فورسز کی انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔
وزیر داخلہ نے واقعے کے دوران دہشت گردوں کے بارود کے ثانوی دھماکے کے نتیجے میں شہید ہونے والے 3 معصوم شہریوں کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے فائرنگ کے شدید تبادلے کے دوران زخمی ہونے والے سکیورٹی فورسز کے 2 بہادر جوانوں کی جلد اور مکمل صحتیابی کے لیے بھی خصوصی دعا کی اور ہدایت کی کہ ان کی دیکھ بھال میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔








