بلوچستان کے ضلع سوراب میں بارودی مواد کی تیاری کے دوران دھماکے اور سکیورٹی فورسز کی کارروائی کے نتیجے میں 18 دہشت گرد ہلاک، تین شہری جاں بحق
بلوچستان کے ضلع سوراب میں بارودی مواد کی تیاری کے دوران دھماکے اور سکیورٹی فورسز کی کارروائی کے نتیجے میں 18 دہشت گرد ہلاک، تین شہری جاں بحق

مزید خبریں
راولپنڈی۔12اگست (اے پی پی):بلوچستان کے ضلع سوراب میں دہشت گردوں کی جانب سے گاڑی میں نصب کیے جانے والے دیسی ساختہ بم کی تیاری کے دوران قبل از وقت دھماکے کے نتیجے میں فتنۃ الہندوستان سے وابستہ 8 دہشت گرد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوگئے تاہم دھماکے اور وہاں ذخیرہ کیے گئے دیگر بارودی مواد کے پھٹنے سے قریبی علاقے کے تین شہری بھی جاں بحق ہوگئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق واقعہ کے فوری بعد سکیورٹی فورسز اور بلوچستان پولیس نے موقع پر پہنچ کر مشترکہ کلیئرنس آپریشن شروع کیا تاکہ واقعہ میں ملوث دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کا سراغ لگایا جا سکے۔
آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز نے فرار ہونے والے دہشت گردوں کی نقل و حرکت کا بروقت سراغ لگا کر موثر کارروائی کی جس کے نتیجے میں مزید 10 دہشت گرد ہلاک کر دیئے گئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق ان واقعات میں اب تک فتنۃ الہندوستان سے وابستہ مجموعی طور پر 18 دہشت گرد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ فائرنگ کے شدید تبادلے کے دوران پاک فوج کے دو بہادر جوان بھی زخمی ہوئے۔علاقے میں باقی ماندہ دہشت گردوں کے خاتمے اور علاقے کو مکمل طور پر محفوظ بنانے کے لیے کلیئرنس اور سرچ آپریشن جاری ہے۔
آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ قومی ایکشن پلان کے تحت وفاقی ایپکس کمیٹی کی منظوری سے عزم استحکام کے وژن کے مطابق سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ملک سے غیر ملکی سرپرستی اور حمایت یافتہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے کارروائیاں بھرپور انداز میں جاری رہیں گی۔








