نوجوان پاکستان کا مستقبل اور ان کی پہچان پاکستان ہے، گورنرسند ھ

گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے ڈاکٹر ضیاء الدین یونیورسٹی میں جشن آزادی کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ نوجوان پاکستان کا مستقبل اور ان کی پہچان پاکستان ہے۔

کراچی۔ 12 اگست (اے پی پی):گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے ڈاکٹر ضیاء الدین یونیورسٹی میں جشن آزادی کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ نوجوان پاکستان کا مستقبل اور ان کی پہچان پاکستان ہے۔بدھ کو گورنر ہائوس سے جاری اعلامیہ کے مطابق انہوں نے کہا کہ2047میں جب ملک آزادی کی 100ویں سالگرہ منائے گا تو آج کے نوجوان ہی اس ملک کی قیادت کر رہے ہوں گے۔گورنر سندھ نے کہا کہ میری وابستگی بھی این جی اوز کے شعبے سے رہی ہے، معاشرے کی بہتری کے لیے کام کرنے والی تنظیموں کو ریاست اور حکومت کی سرپرستی ضروری ہے۔

انہوں نے نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ سیاست میں آئیں اور لوگوں کی خدمت کریں۔سید محمد نہال ہاشمی نے کہا کہ ایم این اے اور ایم پی اے کا بنیادی کام سڑکوں اور سیوریج کے نظام کو چلانا نہیں، یہ بلدیاتی اداروں اور متعلقہ محکموں کی ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ اختیارات نچلی سطح تک منتقل کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ ترقی کے ثمرات حقیقی معنوں میں عوام کی دہلیز تک پہنچ سکیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمیں آزادی کی جدوجہد اور انتھک محنت کے بعد حاصل ہوا۔ قائداعظم محمد علی جناح نے دن رات محنت کرکے برصغیر کے مسلمانوں کے لیے ایک آزاد وطن حاصل کیا۔

سرسید احمد خان نے مسلمانوں کے لیے جدید تعلیم کے دروازے کھولے، پہلے اسکول، پھر کالج اور یونیورسٹی کا قیام عمل میں آیا۔ ڈاکٹر ضیاء الدین اسی علمی روایت سے وابستہ رہے اور آج ان کے وارثوں نے ضیاء الدین یونیورسٹی قائم کرکے علم کی اس شمع کو مزید روشن کیا ہے۔گورنر سندھ نے کہا کہ پاکستان کبھی غلام نہیں تھا، بلکہ برصغیر کے مسلمانوں کی جدوجہد کے نتیجے میں ایک آزاد ملک کے طور پر وجود میں آیا۔ پاکستان دنیا کا منفرد ملک ہے جس کا قیام جمہوری جدوجہد اور ووٹ کے ذریعے عمل میں آیا۔انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ اپنے اسلاف کی جدوجہد، قربانیوں اور خدمات سے سیکھیں۔

نوجوان بے پناہ صلاحیتوں کے مالک ہیں اور انہیں اپنی صلاحیتیں پاکستان کی ترقی کے لیے بروئے کار لانی چاہئیں۔گورنر سندھ نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے واضح کردیا ہے کہ پاکستان کی طرف میلی نگاہ سے دیکھنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی، یہ ملک نوجوانوں کا ہے اور انہیں قائداعظم کے دئیے ہوئے اصولوں پر عمل کرتے ہوئے اتحاد، ایمان اور تنظیم کو اپنی زندگی کا حصہ بنانا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ہمارا ایک ملک اور ایک قوم ہے، ہمیں باہمی اتحاد، رواداری اور قومی یکجہتی کے ساتھ پاکستان کو مضبوط بنانا ہے۔

 

مزید خبریں