ایران کی پاکستان کے 79ویں یومِ آزادی پر دلی مبارکباد اور تعلقات میں نئے دور کے آغاز کا پیغام

پاکستان میں متعین اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر رضا امیری مقدم نے پاکستان کے 79ویں یومِ آزادی کے پرمسرت موقع پر حکومتِ پاکستان اور پاکستانی عوام کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے دونوں برادر ممالک کے درمیان تعلقات کی استواری اور ہمہ جہت تعاون کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

اسلام آباد۔14اگست (اے پی پی):پاکستان میں متعین اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر رضا امیری مقدم نے پاکستان کے 79ویں یومِ آزادی کے پرمسرت موقع پر حکومتِ پاکستان اور پاکستانی عوام کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے دونوں برادر ممالک کے درمیان تعلقات کی استواری اور ہمہ جہت تعاون کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ یومِ آزادی کی مناسبت سے جاری کردہ خصوصی پیغام میں ایرانی سفیر نے کہا کہ وہ اپنی، ایرانی حکومت اور عوام کی جانب سے دوست، ہمسائے اور برادر ملک اسلامی جمہوریہ پاکستان کی محترم حکومت اور غیور عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔

انہوں نے پاکستانی قوم کی غیر معمولی لچک، اتحاد اور شاندار کامیابیوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان دوستی، باہمی احترام اور تعاون کے تعلقات انتہائی قدر کے حامل ہیں۔ ایرانی سفیر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک کی اعلیٰ قیادت کے پختہ ارادے اور مشترکہ کوششوں کے باعث پاک ایران تعلقات میں ایک نئے دور کا آغاز ہو چکا ہے، جو خطے میں امن، خوشحالی اور ہمہ جہت شعبوں میں تعاون کے نئے افق روشن کرے گا۔

رضا امیری مقدم نے پاکستان کی مسلسل ترقی، امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے دعا کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ دونوں عظیم قوموں کے درمیان دیرپا دوستی روز بروز مزید مضبوط ہوگی۔ انہوں نے دونوں ممالک کے عوام کے باہمی فائدے اور دوطرفہ روابط کو مزید فروغ دینے کے لیے اپنے غیر متزلزل عزم کا بھی اعادہ کیا۔

مزید خبریں