یادگار فتح معرکہ حق میں کامیابی، شہداء اور غازیوں کی لازوال داستان ہے، صدر مملکت آصف علی زرداری کا یادگار فتح کی افتتاحی تقریب سے خطاب

یادگار فتح معرکہ حق میں کامیابی، شہداء اور غازیوں کی لازوال داستان ہے، صدر مملکت آصف علی زرداری کا یادگار فتح کی افتتاحی تقریب سے خطاب

اسلام آباد۔14اگست (اے پی پی):صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ یادگار فتح معرکہ حق میں کامیابی، شہداء اور غازیوں کی لازوال داستان ہے، فیلڈ مارشل سیدعاصم منیر کی ولولہ انگیز قیادت میں مسلح افواج نے بھارت کو عبرتناک شکست دی، عالمی امن و استحکام کے لیے پاکستان کے کردار کی دنیا معترف ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار جمعرات کو یہاں یادگار فتح کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

تقریب میں وزیراعظم محمد شہباز شریف، چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر ،نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار،چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی، سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق،سروسز چیفس،وفاقی وزرا غیر ملکی سفارت کار، پنجاب اور خیبر پختونخواکے گورنرز،وزیراعلی پنجاب،ارکان پارلیمنٹ اور سول وعسکری حکام بھی موجود تھے۔

صدر مملکت نے کہا کہ چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں پاکستان کی مسلح افواج نے معرکہ حق میں بھارت کو عبرتناک شکست دی،یادگار فتح معرکہ حق میں کامیابی، شہدا اور غازیوں کی لازوال داستان ہے۔انہوں نے کہا کہ امن عمل میں دنیا کے ساتھ ہیں۔عالمی امن و استحکام کے لیے پاکستان کے کردار کی دنیا معترف ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ ایران امریکا جنگ بندی میں وزیراعظم محمد شہباز شریف، فیلڈ مارشل، نائب وزیراعظم اور وزیرداخلہ نے اہم کردار ادا کیا ہے،عالمی برادری کے ساتھ مل کر دنیا کے امن اور خوشحالی کیلئے بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں، امریکہ بھی عالمی امن کے لیے فیلڈ مارشل کی کاوشوں کا معترف ہے،امریکی صدر نے انہیں بہترین فیلڈ مارشل قرار دیا ہے،اسلامی ممالک کے اتحاد کے لئے پاکستان کا اہم کردار ہے،شہید ذوالفقار علی بھٹو نے بھی اسلامی کانفرنس میں دنیا بھر کے مسلمان رہنماؤں کو اکٹھا کیا تھا،ہم پہلے بھی کامیاب رہے ہیں اور آئندہ بھی سرخرو ہوں گے۔

صدر مملکت نے کہا کہ مکہ مشترکہ دفاعی معاہدہ بھی وزیراعظم محمد شہباز شریف نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی کاوشوں کا ثمر ہے،کوئی بھی جنگ نہیں چاہتا کیونکہ جنگوں سے صرف تباہی آتی ہے،پاکستان دنیا میں قیام امن کے لیے کوششیں کرنے والوں کے ساتھ کھڑا ہے۔انہوں نے کہا کہ اکھنڈ بھارت کی بات کرنے والے بھول جاتے ہیں ہم مسلمان ہیں اور اسلام برداشت کا درس دیتا ہے،پاکستان میں بسنے والی ہندو آبادی کو اسی طرح مکمل آزادی حاصل ہے جس طرح انہیں کسی دوسرے ملک میں ہے۔

انہوں نے کہا کہ میرے والد نے بھی کشمیر کے جہاد میں حصہ لیا، انہوں نے فلسطین اور غزہ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ غزہ میں نسل کشی کسی صورت قابل قبول نہیں،گریٹر اسرائیل کا خواب کبھی پورا نہیں ہوگا،آزاد فلسطینی ریاست قائداعظم محمد علی جناح کا خواب تھا اور ہم انہی کے خواب کی عملی تعبیر کے لیے کوشاں ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی آئندہ نسل کے روشن مستقبل کے لیے بھرپور اقدامات کرنے ہیں،سماجی شعبے خصوصاً تعلیم پر توجہ دینا ہوگی ۔\932

مزید خبریں