یومِ آزادی اور مکہ دفاعی معاہدہ قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں،محمد علی رندھاوا

شفا انٹرنیشنل ہسپتال میں پاکستان کا 80 واں یومِ آزادی بھرپور قومی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔

اسلام آباد۔14اگست (اے پی پی):شفا انٹرنیشنل ہسپتال میں پاکستان کا 80 واں یومِ آزادی بھرپور قومی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔ پرچم کشائی کی تقریب میں ملازمین، مریضوں، سول سوسائٹی کے نمائندوں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور قومی اتحاد اور افتخار کا عملی اظہار کیا۔

شفا انٹرنیشنل ہسپتال کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق ڈائریکٹر جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹس محمد علی رندھاوا نے تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے صحت کی جدید اور معیاری سہولیات کی فراہمی کے لیے ٹیم شفا کی خدمات کو سراہا۔ اپنی والدہ کے علاج کے دوران شفا انٹرنیشنل ہسپتال میں اپنے ذاتی تجربے کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے میڈیکل اور معاون ٹیموں کی پیشہ ورانہ مہارت، ہمدردانہ رویے اور نگہداشت کے اعلی معیار کی تعریف کی۔پاکستانی پاسپورٹ اور قومی شناخت کے تعلق کو اجاگر کرتے ہوئے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ پاسپورٹ محض سفری دستاویز نہیں بلکہ پاکستانی شہریت، وقار اور خودمختاری کی نمایاں علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر مستند پاکستانی پاسپورٹ دنیا بھر میں پاکستان کے وقار کی نمائندگی کرتا ہے۔ انہوں نے 80ویں یومِ آزادی اور تاریخ ساز مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے پر قوم کو مبارک باد دی اور معاہدے کو اجتماعی سلامتی اور سعودی عرب اور ترکیہ کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی جانب اہم سنگِ میل قرار دیا۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر شفا انٹرنیشنل ہسپتال ڈاکٹر ذیشان بن اشتیاق نے رواں سال یومِ آزادی کی تقریبات کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے کہا، خدمت کے جذبے سے سرشار شفا کے ہیلتھ کیئر ہیروز اپنی مہارت، استقامت اور غیر متزلزل احساسِ ذمہ داری کے ساتھ ہر روز پاکستانی عوام کی خدمت کے لیے تیار رہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مکہ مشترکہ دفاعی معاہدہ قومی فخر کا باعث ہے اور پاکستان کی سلامتی اور اتحاد کو مزید مضبوط کرتا ہے۔ ڈاکٹر ذیشان نے تقریب کے شرکا پر زور دیا کہ دیانت داری اور بہترین کارکردگی کے ساتھ ملک کی خدمت کے عزم کی تجدید کریں۔تقریب کا اختتام قومی نعروں اور ہمدردی و قومی جذبے کے ساتھ ملک کی خدمت کے اجتماعی عزم پر ہوا۔