وفاقی وزیر منصوبہ بندی ،ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے یومِ آزادی کی 79ویں سالگرہ پر اپنے پیغام میں قوم کو پاکستان کے یومِ آزادی کی دلی مبارکباد پیش کر تے ہوئے کہا کہ یومِ آزادی ہمارے لیے خوشی، شکرگزاری، فخر اور عزم کی تجدید کا دن ہے
آزادی ہمارے لیے خوشی، شکرگزاری، فخر اور عزم کی تجدید کا دن ہے،وفاقی وزیر منصوبہ بندی

مزید خبریں
اسلام آباد۔14اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر منصوبہ بندی ،ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے یومِ آزادی کی 79ویں سالگرہ پر اپنے پیغام میں قوم کو پاکستان کے یومِ آزادی کی دلی مبارکباد پیش کر تے ہوئے کہا کہ یومِ آزادی ہمارے لیے خوشی، شکرگزاری، فخر اور عزم کی تجدید کا دن ہے۔ وزارت منصوبہ بندی کی جانب سے جمعہ کو جاری بیان میں وفاقی وزیر نے کہا کہ آج کا دن اللہ تعالیٰ کے حضور شکر بجا لانے اور قومی کامیابیوں پر خوشیاں منانے کا دن ہے۔ احسن اقبال نے کہا کہ ہم معرکہ حق میں کامیابیوں پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہوئے یومِ آزادی کا جشن منا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج ہمیں آزادی کی حفاظت کے ساتھ معرکہ معیشت میں بھی پاکستان کا لوہا منوانا ہے، ہمیں بحیثیت قوم متحد ہو کر معاشی میدان میں پاکستان کو ایک مضبوط اور باوقار ملک بنانا ہے، پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور معاشی خودمختاری کے لیے پوری قوم کو متحد ہو کر آگے بڑھنا ہوگا۔ پروفیسر احسن اقبال نے کہا کہ آج ہم صرف پاکستان کے یومِ آزادی کی 79ویں سالگرہ نہیں منا رہے بلکہ بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناحؒ اور علامہ محمد اقبالؒ کے 150ویں یومِ پیدائش کی خوشیاں بھی منا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناحؒ اور علامہ محمد اقبالؒ نے ایک آزاد اور خودمختار پاکستان کا خواب دیکھا، یومِ آزادی ہمیں قائداعظم محمد علی جناحؒ اور علامہ محمد اقبالؒ کی عظیم جدوجہد، بصیرت اور قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے، ہمیں قائداعظمؒ کے اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط کے اصولوں کو اپنی قومی زندگی کا حصہ بنانا ہوگا۔وفاقی وزیر منصوبہ بندی ،ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا کہ آج کے دن ہمیں عہد کرنا ہے کہ ہم پاکستان کو ایک مضبوط، خوشحال، خودمختار اور ترقی یافتہ ملک بنانے کے لیے اپنی تمام صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔ پروفیسر احسن اقبال نے کہا کہ آزادی کی حفاظت صرف سرحدوں پر نہیں، معاشی، علمی، سائنسی اور ٹیکنالوجی کے میدانوں میں کامیابی سے بھی ہوتی ہے۔







