گورنر ہاؤس پشاور میں 80ویں یومِ آزادی کے موقع پر پروقار پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی۔ گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے پرچم کشائی کی اور قوم کو یومِ آزادی کی مبارکباد پیش کی۔
گورنر ہاؤس پشاور میں 80ویں یومِ آزادی کے موقع پر پروقار پرچم کشائی کی تقریب

مزید خبریں
پشاور۔ 14 اگست (اے پی پی):گورنر ہاؤس پشاور میں 80ویں یومِ آزادی کے موقع پر پروقار پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی۔ گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے پرچم کشائی کی اور قوم کو یومِ آزادی کی مبارکباد پیش کی۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ وہ تمام اہلِ وطن کو جشنِ آزادی کی دلی مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ ہم ایک آزاد ملک میں آزادی کے ساتھ سانس لے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ شب صدر مملکت آصف علی زرداری نے اسلام آباد میں یادگارِ فتح کا افتتاح کیا، جس کی تقریب میں وزیراعظم محمد شہباز شریف، فیلڈ مارشل عاصم منیر، مسلح افواج کے سربراہان اور مختلف ممالک کے سفرا نے شرکت کی۔گورنر نے کہا کہ ہم ان عظیم شہداء کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے وطن کی مٹی اور اس کی سلامتی کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ پاک فوج، ایف سی، پولیس اور تمام سکیورٹی فورسز کے افسران و جوانوں کو بھی خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے صوبے اور ملک کے لیے قربانیاں دیں۔فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ صوبے کے امن، سلامتی اور خوشحالی کے لیے ہم اپنی سیکیورٹی فورسز کے ساتھ متحد اور کھڑے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایران اور امریکا کے تنازع کے دوران پاکستان نے مثبت اور ذمہ دارانہ کردار ادا کیا، جسے عالمی سطح پر قدر کی نگاہ سے دیکھا گیا۔ خطے میں امن کے قیام کے لیے وزیراعظم، فیلڈ مارشل، نائب وزیراعظم اور وزیر داخلہ نے اہم کردار ادا کیا۔گورنر خیبرپختونخوا نے دعا کی کہ پاکستان ہمیشہ امن کا گہوارہ رہے اور ترقی و خوشحالی کی نئی منازل طے کرے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب کو متحد ہو کر پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔





