ایم ڈی پاکستان بیت المال شاہین خالد بٹ کا یوم آزادی پر ملک کی خدمت کے عزم کا اعادہ

پاکستان بیت المال کے منیجنگ ڈائریکٹر سینیٹر کیپٹن (ر) شاہین خالد بٹ نے 80ویں یوم آزادی کے موقع پر ملک کی مزید لگن، پیشہ ورانہ مہارت اور دیانت داری کے ساتھ خدمت کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے ادارے کے ملازمین پر زور دیا ہے کہ وہ ملک کے سب سے زیادہ کمزور اور مستحق شہریوں کی فلاح و بہبود کو اپنی عوامی خدمت کی اولین ترجیح بنائیں۔وہ اسلام …

اسلام آباد۔14اگست (اے پی پی):پاکستان بیت المال کے منیجنگ ڈائریکٹر سینیٹر کیپٹن (ر) شاہین خالد بٹ نے 80ویں یوم آزادی کے موقع پر ملک کی مزید لگن، پیشہ ورانہ مہارت اور دیانت داری کے ساتھ خدمت کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے ادارے کے ملازمین پر زور دیا ہے کہ وہ ملک کے سب سے زیادہ کمزور اور مستحق شہریوں کی فلاح و بہبود کو اپنی عوامی خدمت کی اولین ترجیح بنائیں۔وہ اسلام آباد میں پاکستان بیت المال ہیڈکوارٹرز میں منعقدہ خصوصی یوم آزادی تقریب سے خطاب کر رہے تھے، جس میں مرکزی دفتر کے ملازمین نے شرکت کی جبکہ صوبائی اور علاقائی دفاتر کے عملے نے آن لائن لنک کے ذریعے تقریب میں شرکت کی۔

پاکستان کے لئے قربانیاں دینے والے ہیروز کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کیپٹن شاہین خالد بٹ نے کہا کہ ایک باوقار قوم ان لوگوں کو کبھی فراموش نہیں کرتی جنہوں نے اس کی آزادی کے لیے اپنی جانیں قربان کیں۔انہوں نے کہا کہ آزادی کا تحفظ اور ایک خوشحال پاکستان کی تعمیر قومی اتحاد، مضبوط معیشت، سائنسی و تکنیکی ترقی اور ایک مضبوط و بہادر دفاعی قوت کے متقاضی ہیں۔منیجنگ ڈائریکٹر پاکستان بیت المال نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے حالیہ معرکۂ حق کے دوران اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا، جسے عالمی سطح پر سراہا گیا اور اس سے ملک کی خودمختاری کے دفاع کی صلاحیت کا اعادہ ہوا۔

انہوں نے کہا کہ ایک خودمختار، باوقار اور آزاد ریاست کی حیثیت سے پاکستان کا اپنا مقام برقرار رکھنا قوم کے لیے باعث فخر ہے۔پاکستان کی سفارتی سرگرمیوں کو اجاگر کرتے ہوئے کیپٹن شاہین خالد بٹ نے کہا کہ امریکا اور ایران کے تنازع کے حل کی کوششوں میں پاکستان کا کردار علاقائی اور عالمی امن کے لیے ملک کی تعمیری خدمات کا عکاس ہے۔

انہوں نے حال ہی میں طے پانے والے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کو بھی ایک اہم سنگ میل قرار دیا جو سفارتی اور دفاعی دونوں محاذوں پر پاکستان کی کامیابیوں کی عکاسی کرتا ہے۔انہوں نے کہاکہ یہ تاریخی کامیابیاں پاکستانی عوام کے لیے باعث فخر ہیں اور ہمیں آزادی کے ساتھ آنے والی ذمہ داری کی یاد دلاتی ہیں۔انہوں نے ملازمین کو ہدایت کی کہ وہ مستحق اور کم مراعات یافتہ پاکستانیوں کی فلاح و بہبود کو اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں میں اولین ترجیح بنائیں۔

انہوں نے زور دیا کہ کمزور اور مستحق شہریوں کی خدمت کے لیے محنت، دیانت داری، ہمدردی اور پیشہ ورانہ قابلیت ضروری ہے اور ملازمین پر زور دیا کہ وہ نئے عزم اور ذمہ داری کے احساس کے ساتھ اپنے فرائض انجام دیں۔کیپٹن شاہین خالد بٹ نے کہا کہ یوم آزادی کا جذبہ بامعنی عوامی خدمت اور ان افراد کے لیے عملی ریلیف میں تبدیل ہونا چاہیے جو مدد کے لیے پاکستان بیت المال پر انحصار کرتے ہیں۔تقریب کا اختتام کیپٹن شاہین خالد بٹ کی جانب سے پی بی ایم ملازمین کے ہمراہ یوم آزادی کا کیک کاٹنے سے ہوا جبکہ شرکا نے لگن کے ساتھ قوم کی خدمت کرنے اور اتحاد، دیانت داری اور ہمدردی کی اقدار کو برقرار رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔