قومی خوشیوں میں محنت کش طبقے کو شریک کرنا ہی حقیقی عوامی خدمت ہے۔ قیصر شیخ

"وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری بورڈ قیصر احمد شیخ نے کہا ہے کہ آزادی کا جشن اس وقت حقیقی معنوں میں بامعنی بنتا ہے جب اس کی خوشیوں میں معاشرے کے ہر طبقے، خصوصاً محنت کش اور کم آمدنی والے افراد کو شریک کیا جائے۔”

فیصل آباد/چنیوٹ ۔ 15 اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری بورڈ قیصر احمد شیخ نے کہا ہے کہ آزادی کا جشن اس وقت حقیقی معنوں میں بامعنی بنتا ہے جب اس کی خوشیوں میں معاشرے کے ہر طبقے، خصوصاً محنت کش اور کم آمدنی والے افراد کو شریک کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ مضبوط دفاع کو پائیدار معاشی بنیاد فراہم کرنا قومی ذمہ داری ہے جبکہ پاکستان کو معاشی طور پر خود کفیل اور ترقی یافتہ بنانے کے لیے سرمایہ کاری، صنعتی سرگرمیوں، روزگار اور قومی یکجہتی کو بیک وقت آگے بڑھانا ہوگا۔ ہفتہ کے روز چنیوٹ میں یوم آزادی کی مناسبت سے ہر سال کی طرح اس سال بھی رکشہ ڈرائیوروں میں پانچ، پانچ لیٹر مفت پٹرول تقسیم کرنے کی تقریب کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ یوم آزادی محض قومی پرچم لہرانے اور تقریبات منعقد کرنے کا دن نہیں بلکہ یہ ہمیں ان عظیم قربانیوں کی یاد دلاتا ہے جو ہمارے اسلاف نے ایک آزاد وطن کے حصول کے لیے دیں۔ انہوں نے کہا کہ آزادی کی نعمت کا تقاضا ہے کہ ہم ملک کو مضبوط، مستحکم اور خوشحال بنانے کے لیے اپنی ذمہ داریوں کا احساس کریں اور قومی زندگی کے ہر شعبے میں بہتری کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ قیصر شیخ نے کہا کہ وہ گزشتہ کئی برسوں سے یوم آزادی کے موقع پر رکشہ ڈرائیوروں اور محنت کش طبقے میں مفت پٹرول تقسیم کرنے کی روایت برقرار رکھے ہوئے ہیں۔ اس اقدام کا مقصد صرف مالی معاونت فراہم کرنا نہیں بلکہ ان افراد کو قومی خوشیوں کا حصہ بنانا بھی ہے جو روزانہ اپنی محنت سے اپنے خاندانوں کا چولہا جلاتے اور شہری زندگی کے پہیے کو رواں رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رکشہ ڈرائیور سمیت محنت کش طبقہ معاشرے کی معیشت میں بنیادی کردار ادا کرتا ہے اور ان کی مشکلات کو نظر انداز کرکے حقیقی ترقی کا تصور مکمل نہیں ہوسکتا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ یوم آزادی کے موقع پر پٹرول کی تقسیم ایک علامتی اقدام ضرور ہے، تاہم اس کے ذریعے محنت کش افراد کے ساتھ یکجہتی اور ان کی خدمات کے اعتراف کا پیغام بھی دیا جارہا ہے کہ قومی تہوار صرف مراعات یافتہ طبقے تک محدود نہیں، ریاست اور معاشرے دونوں کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو درپیش معاشی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مضبوط اور مستحکم معیشت ناگزیر ہے، قومی سلامتی، عوامی خوشحالی اور پائیدار ترقی کا براہ راست تعلق معاشی استحکام سے ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافے، صنعتوں کی بحالی، کاروباری سرگرمیوں کے فروغ اور برآمدات بڑھانے کے لیے مختلف اقدامات کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی ملک کی معیشت اس وقت مضبوط ہوتی ہے جب اس میں سرمایہ کاری کے نئے دروازے کھلیں، صنعتیں اپنی پیداواری صلاحیت میں اضافہ کریں، مقامی مصنوعات عالمی منڈیوں تک پہنچیں اور نوجوانوں کو روزگار کے باعزت مواقع میسر آئیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں افرادی قوت کی کوئی کمی نہیں، ضرورت اس امر کی ہے کہ نوجوانوں کو جدید تعلیم، فنی تربیت اور مارکیٹ کی ضروریات سے ہم آہنگ ہنر فراہم کیے جائیں تاکہ وہ نہ صرف ملکی صنعت و تجارت میں اپنا کردار ادا کریں بلکہ عالمی سطح پر بھی پاکستان کی نمائندگی کرسکیں ۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت سرمایہ کاروں کے لیے کاروباری ماحول کو بہتر بنانے اور سرمایہ کاری کے عمل کو آسان بنانے کے لیے اصلاحات پر عمل پیرا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت کی بحالی کے لیے صرف حکومتی کوششیں کافی نہیں بلکہ کاروباری طبقے، صنعتکار، تاجروں، نوجوانوں اور عام شہریوں کو بھی قومی ترقی کے عمل میں اپنا حصہ ڈالنا ہوگا۔ قیصر احمد شیخ نے دفاع اور معیشت کے باہمی تعلق پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ مضبوط دفاع اور مستحکم معیشت ایک دوسرے کے لیے لازم و ملزوم ہیں۔ پاکستان کی مسلح افواج نے ہر مشکل وقت میں ملک کے دفاع کا فریضہ احسن انداز میں انجام دیا اور وطن کی سلامتی کے لیے بے مثال قربانیاں پیش کیں۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم اپنی بہادر افواج کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے، تاہم ملک کے دفاع کو مزید مضبوط بنانے کے لیے معاشی بنیادوں کو مستحکم کرنا بھی ضروری ہے، جب ملکی معیشت مضبوط ہو، روزگار کے مواقع بڑھیں، صنعتیں فعال ہوں، برآمدات میں اضافہ ہو اور قومی آمدنی میں بہتری آئے تو ملک داخلی اور خارجی چیلنجز کا زیادہ مؤثر انداز میں مقابلہ کر سکتا ہے۔ اسی لیے معاشی ترقی کو قومی سلامتی کی جامع حکمت عملی کا لازمی حصہ سمجھنا ہوگا۔ وفاقی وزیر نے نوجوانوں کو ملک کا قیمتی سرمایہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی مستقبل کی ترقی کا بڑا انحصار نوجوان نسل کی صلاحیتوں پر ہے۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ تعلیم کے حصول کے ساتھ ساتھ فنی اور پیشہ ورانہ مہارتیں بھی حاصل کریں، جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کریں اور محنت و دیانت داری کو اپنی زندگی کا اصول بنائیں، نوجوان اگر اپنی توانائیاں مثبت سرگرمیوں، تعلیم، ہنر، تحقیق اور کاروبار میں صرف کریں تو پاکستان کی ترقی کی رفتار کئی گنا بڑھائی جاسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی تعمیر صرف حکومت یا کسی ایک ادارے کی ذمہ داری نہیں بلکہ ہر شہری اس عمل کا حصہ ہے، کسان، مزدور، استاد، ڈاکٹر، انجینئر، تاجر، صنعتکار، سرکاری ملازم اور نوجوان سب اپنی اپنی جگہ پاکستان کی ترقی میں کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے فرائض کو قومی ذمہ داری سمجھ کر ادا کرنا ہوگا اور چھوٹے سے چھوٹا مثبت کردار بھی اجتماعی طور پر ملک کے مستقبل پر گہرا اثر ڈال سکتا ہے۔ قیصر احمد شیخ نے کہا کہ یوم آزادی ہمیں ماضی کی قربانیوں سے سبق سیکھنے کے ساتھ ساتھ مستقبل کے لیے اجتماعی عزم کا موقع بھی فراہم کرتا ہے۔ ہمیں یہ عہد کرنا ہوگا کہ قانون کی پاسداری، دیانت داری، محنت، نظم و ضبط اور قومی یکجہتی کو اپنی اجتماعی زندگی کا حصہ بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے میں برداشت، باہمی احترام اور اختلاف رائے کے باوجود قومی مفاد کو مقدم رکھنے کی روایت مضبوط کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ترقی یافتہ اور خوشحال ریاست بنانے کے لیے سیاسی، معاشی اور سماجی سطح پر استحکام ضروری ہے۔ قومی معاملات پر اتفاق رائے، پالیسیوں میں تسلسل اور عوامی مسائل کے حل کے لیے مشترکہ کوششوں سے ہی ملک کو درپیش مشکلات پر قابو پایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اختلاف رائے جمہوری معاشرے کا حسن ہے لیکن قومی مفاد ایسے تمام اختلافات سے بلند ہونا چاہیے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ آج ہمیں اپنے اسلاف کی قربانیوں کو صرف تقریبات اور نعروں تک محدود رکھنے کے بجائے ان کے جذبہ حب الوطنی، قربانی، اتحاد اور عزم کو اپنی عملی زندگی میں اپنانا ہوگا۔ آزادی کے ثمرات کو عام شہری تک پہنچانے، محنت کش طبقے کی مشکلات کم کرنے اور نوجوانوں کو بہتر مستقبل فراہم کرنے کے لیے اجتماعی اقدامات کی ضرورت ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں معاشی استحکام، سرمایہ کاری کے فروغ، صنعتی ترقی اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی کا سفر مضبوط معیشت، محفوظ ماحول، باصلاحیت نوجوان اور متحد قوم کے ذریعے ہی آگے بڑھ سکتا ہے۔ قیصر احمد شیخ نے کہا کہ پوری قوم کو اپنے باہمی اختلافات سے بالاتر ہوکر پاکستان کی ترقی، استحکام اور خوشحالی کے ایک مشترکہ مقصد پر متحد ہونا ہوگا۔

مزید خبریں
اوٹاوا میں پرچم کشائی، قائداعظم کے وژن اور پاکستان کے عزم و اتحاد کو اجاگر کیا گیا اوٹاوا۔15اگست (اے پی پی):کینیڈا کے دارالحکومت اوٹاوا میں پاکستان کے ہائی کمیشن جبکہ مونٹریال، ٹورنٹو اور وینکوور میں قائم پاکستان کے تینوں قونصل جنرلز نے پاکستان کا 80واں یومِ آزادی اور بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے 150ویں یومِ پیدائش کی سال بھر جاری رہنے والی تقریبات منائیں۔اوٹاوا میں ہائی کمیشن کی چانسری میں پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں پاکستان کی آزادی، قائداعظم محمد علی جناح کے وژن اور پاکستانی قوم کے عزم و اتحاد کو اجاگر کیا گیا۔ اس موقع پر صدرِ پاکستان، وزیراعظم اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ کے خصوصی پیغامات بھی پڑھ کر سنائے گئے۔یومِ آزادی کی تقریبات کے ساتھ قائداعظم محمد علی جناح کے 150ویں یومِ پیدائش کی سال بھر جاری رہنے والی تقریبات کا بھی آغاز کیا گیا۔ اس موقع پر قائداعظم کی زندگی، قیادت اور قیامِ پاکستان کے لیے تاریخی جدوجہد کو اجاگر کرنے والی دستاویزی فلم پیش کی گئی جبکہ قائداعظم کی زندگی کے اہم لمحات اور پاکستان کی تاریخ کے نمایاں سنگِ میل پر مبنی ڈیجیٹل تصویری نمائش بھی منعقد کی گئی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ہائی کمشنر محمد سلیم نے پاکستان کے 80ویں یومِ آزادی پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے بانیٔ پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی لازوال خدمات اور ورثے کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ حکومت قائداعظم کے ایک پُرامن، جمہوری اور خوشحال پاکستان کے وژن کے لیے اپنے عزم پر قائم ہے۔ہائی کمشنر نے کہا کہ پاکستان مستقبل میں بھی ریاستوں کے درمیان امن، مذاکرات، تعاون اور باہمی احترام کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔ انہوں نے کینیڈا میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے عوامی سطح پر روابط مضبوط بنانے میں اہم کردار کو بھی اجاگر کیا۔تقریب میں گریٹر اوٹاوا کے علاقے سے پاکستانی کمیونٹی کے نمائندوں اور پاکستان کے دوستوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ پاکستانی خاندانوں، بالخصوص نوجوانوں کی پُرجوش شرکت نے حب الوطنی کے جذبے کی بھرپور عکاسی کی۔شرکا نے ملک کے دفاع اور قومی امنگوں کی تکمیل کے لیے پاکستان کی مسلح افواج اور عوام کی بہادری و قربانیوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔شرکا نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ قائداعظم محمد علی جناح کا 150واں یومِ پیدائش نوجوان نسل کو ان کے اصولوں، دوراندیشی اور پاکستان کے لیے ان کے وژن سے رہنمائی حاصل کرنے کی ترغیب دیتا رہے گا۔