چیئرمین پاکستان ریلویز کی زیرِ صدارت ایم ایل ون منصوبہ بارے اہم اجلاس

"چیئرمین پاکستان ریلویز سید مظہر علی شاہ کی زیرِ صدارت ایم ایل ون منصوبے سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں بین الاقوامی ڈیزائن و ریویو کنسلٹنٹس اور پاکستان ریلویز کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔”

لاہور۔15اگست (اے پی پی):چیئرمین پاکستان ریلویز سید مظہر علی شاہ کی زیرِ صدارت ایم ایل ون منصوبے سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا،جس میں بین الاقوامی ڈیزائن کنسلٹنٹس، ریویو کنسلٹنٹس اور پاکستان ریلویز کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں کراچی تا روہڑی سیکشن کی اپ گریڈیشن سے متعلق مختلف امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور منصوبے کی تیاری، پیش رفت وآئندہ اقدامات پر مشاورت کی گئی۔چیئرمین پاکستان ریلویز نے ایم ایل ون منصوبے سے متعلق ریویو فیز 30 اکتوبر 2026 تک مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے منصوبے پر پیش رفت کی مسلسل نگرانی اور ہفتہ وار بنیادوں پر جائزہ لینے کی بھی ہدایت کی۔اجلاس میں ایم ایل ون منصوبے کے لیے مارکیٹ سے مشاورت کے دوسرے مرحلے کا 8 ستمبر 2026 سے آغاز کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ دوسرے مرحلے میں منصوبے کی تیاری، تکنیکی امور اور آئندہ کے لائحہ عمل پر مارکیٹ کے ماہرین اور متعلقہ اسٹیک ہولڈرز سے تفصیلی مشاورت کی جائے گی۔ترجمان کے مطابق پاکستان ریلویز ایم ایل ون منصوبے کو مزید موثر،جدید اور قابلِ عمل بنانے کے لیے مارکیٹ کی تجاویز، بین الاقوامی تجربات اور ماہرین کی آرا سے بھرپور استفادہ کرے گا۔منصوبے کی تیاری اور عمل درآمد کے تمام مراحل میں میرٹ، شفافیت اور مسابقت کے اصولوں کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے ایم ایل ون منصوبے پر ہونے والی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایم ایل ون پاکستان ریلویز کی ترقی، جدید نظام اور مستقبل کی ضروریات کو پورا کرنے کی بنیاد ہے۔ منصوبے کی اپ گریڈیشن سے ٹرینوں کی رفتار، مسافروں کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور پاکستان ریلویز کی مجموعی کارکردگی میں نمایاں بہتری آئے گی۔

مزید خبریں
اوٹاوا میں پرچم کشائی، قائداعظم کے وژن اور پاکستان کے عزم و اتحاد کو اجاگر کیا گیا اوٹاوا۔15اگست (اے پی پی):کینیڈا کے دارالحکومت اوٹاوا میں پاکستان کے ہائی کمیشن جبکہ مونٹریال، ٹورنٹو اور وینکوور میں قائم پاکستان کے تینوں قونصل جنرلز نے پاکستان کا 80واں یومِ آزادی اور بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے 150ویں یومِ پیدائش کی سال بھر جاری رہنے والی تقریبات منائیں۔اوٹاوا میں ہائی کمیشن کی چانسری میں پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں پاکستان کی آزادی، قائداعظم محمد علی جناح کے وژن اور پاکستانی قوم کے عزم و اتحاد کو اجاگر کیا گیا۔ اس موقع پر صدرِ پاکستان، وزیراعظم اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ کے خصوصی پیغامات بھی پڑھ کر سنائے گئے۔یومِ آزادی کی تقریبات کے ساتھ قائداعظم محمد علی جناح کے 150ویں یومِ پیدائش کی سال بھر جاری رہنے والی تقریبات کا بھی آغاز کیا گیا۔ اس موقع پر قائداعظم کی زندگی، قیادت اور قیامِ پاکستان کے لیے تاریخی جدوجہد کو اجاگر کرنے والی دستاویزی فلم پیش کی گئی جبکہ قائداعظم کی زندگی کے اہم لمحات اور پاکستان کی تاریخ کے نمایاں سنگِ میل پر مبنی ڈیجیٹل تصویری نمائش بھی منعقد کی گئی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ہائی کمشنر محمد سلیم نے پاکستان کے 80ویں یومِ آزادی پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے بانیٔ پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی لازوال خدمات اور ورثے کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ حکومت قائداعظم کے ایک پُرامن، جمہوری اور خوشحال پاکستان کے وژن کے لیے اپنے عزم پر قائم ہے۔ہائی کمشنر نے کہا کہ پاکستان مستقبل میں بھی ریاستوں کے درمیان امن، مذاکرات، تعاون اور باہمی احترام کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔ انہوں نے کینیڈا میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے عوامی سطح پر روابط مضبوط بنانے میں اہم کردار کو بھی اجاگر کیا۔تقریب میں گریٹر اوٹاوا کے علاقے سے پاکستانی کمیونٹی کے نمائندوں اور پاکستان کے دوستوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ پاکستانی خاندانوں، بالخصوص نوجوانوں کی پُرجوش شرکت نے حب الوطنی کے جذبے کی بھرپور عکاسی کی۔شرکا نے ملک کے دفاع اور قومی امنگوں کی تکمیل کے لیے پاکستان کی مسلح افواج اور عوام کی بہادری و قربانیوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔شرکا نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ قائداعظم محمد علی جناح کا 150واں یومِ پیدائش نوجوان نسل کو ان کے اصولوں، دوراندیشی اور پاکستان کے لیے ان کے وژن سے رہنمائی حاصل کرنے کی ترغیب دیتا رہے گا۔