ربیع الاول اسلامی تاریخ کا نہایت بابرکت، مقدس اور عظمت والا مہینہ ہے،یوسف رضا گیلانی

"چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے ماہِ ربیع الاول کی آمد پر امتِ مسلمہ بالخصوص پاکستانی قوم کو دلی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ بابرکت مہینہ نبی کریم حضرت محمد ﷺ کی ولادتِ باسعادت سے منسوب ہے اور پوری انسانیت کے لیے رحمت، ہدایت، محبت، امن، صبر اور بھائی چارے کا پیغام رکھتا ہے۔”

اسلام آباد۔15اگست (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے ماہِ ربیع الاول کی آمد پر امتِ مسلمہ اور بالخصوص پاکستانی قوم کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ربیع الاول اسلامی تاریخ کا نہایت بابرکت، مقدس اور عظمت والا مہینہ ہے،اس ماہِ مبارک کو نبی کریم حضرت محمد ﷺ کی ولادتِ باسعادت سے نسبت حاصل ہے، جن کی بعثت پوری انسانیت کے لیے رحمت، ہدایت، محبت، امن، صبر اور بھائی چارے کا پیغام لے کر آئی۔

ہفتہ کوماہِ ربیع الاول کی آمد پر اپنے پیغام میں چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ نبی اکرم ﷺ کی سیرتِ طیبہ ہمارے لیے زندگی کے ہر شعبے میں بہترین رہنمائی کا سرچشمہ ہے۔ آپ ﷺ نے انسانیت کو عدل و انصاف، مساوات، برداشت، رواداری، صبر، اخوت، رحم دلی اور دوسروں کے حقوق کے احترام کا درس دیا،ماہِ ربیع الاول ہمیں اس عہد کی تجدید کا موقع فراہم کرتا ہے کہ ہم اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگی کو تعلیماتِ نبوی ﷺ کے مطابق ڈھالنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ آج امتِ مسلمہ کو درپیش چیلنجز کا مقابلہ اتحاد، اخوت، باہمی احترام، صبر اور برداشت کے فروغ کے ذریعے ہی ممکن ہے۔ ہمیں نبی کریم ﷺ کی تعلیمات پر عمل کرتے ہوئے معاشرے میں امن، محبت،رواداری اور بھائی چارے کو فروغ دینا ہوگا جبکہ باہمی اختلافات کو افہام و تفہیم، حکمت اور مکالمے کے ذریعے حل کرنے کی کوشش کرنی چاہیے۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ماہِ ربیع الاول کے بابرکت موقع پر ہمیں اپنے اردگرد موجود غریب، نادار، مستحق اور حاجت مند افراد کو بھی اپنی خوشیوں میں شریک کرنا چاہیے۔ نبی کریم ﷺ کی تعلیمات ہمیں انسانیت کی خدمت، ضرورت مندوں کی مدد اور معاشرے کے کمزورطبقات کا خیال رکھنے کا درس دیتی ہیں۔ ہمیں اس موقع پر یہ عہد بھی کرنا چاہیے کہ ہم وطنِ عزیز کی ترقی، خوشحالی، استحکام اور امن کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے اور قومی یکجہتی و اتحاد کو مزید مضبوط بنائیں گے۔سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پاکستان کی سلامتی،خودمختاری، امن اور دفاع کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء قوم کے محسن ہیں۔ ماہِ ربیع الاول کے بابرکت موقع پر شہداء کے درجات کی بلندی اور ان کے اہلِ خانہ کے لیے صبر و اجر کی خصوصی دعا کرتے ہیں۔چیئرمین سینیٹ نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ماہِ ربیع الاول کی برکت سے پاکستان اور پوری امتِ مسلمہ کو امن، ترقی، خوشحالی، اتحاد اور استحکام عطا فرمائے، عالمِ اسلام کو درپیش مشکلات و مصائب کا خاتمہ فرمائے، پاکستان کو ہر قسم کے بحرانوں اور مشکلات سے محفوظ رکھے اور ہمیں نبی کریم حضرت محمد ﷺ کی سیرتِ مبارکہ اور اسوۂ حسنہ پر حقیقی معنوں میں عمل پیرا ہونے کی توفیق عطا فرمائے۔

مزید خبریں
اوٹاوا میں پرچم کشائی، قائداعظم کے وژن اور پاکستان کے عزم و اتحاد کو اجاگر کیا گیا اوٹاوا۔15اگست (اے پی پی):کینیڈا کے دارالحکومت اوٹاوا میں پاکستان کے ہائی کمیشن جبکہ مونٹریال، ٹورنٹو اور وینکوور میں قائم پاکستان کے تینوں قونصل جنرلز نے پاکستان کا 80واں یومِ آزادی اور بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے 150ویں یومِ پیدائش کی سال بھر جاری رہنے والی تقریبات منائیں۔اوٹاوا میں ہائی کمیشن کی چانسری میں پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں پاکستان کی آزادی، قائداعظم محمد علی جناح کے وژن اور پاکستانی قوم کے عزم و اتحاد کو اجاگر کیا گیا۔ اس موقع پر صدرِ پاکستان، وزیراعظم اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ کے خصوصی پیغامات بھی پڑھ کر سنائے گئے۔یومِ آزادی کی تقریبات کے ساتھ قائداعظم محمد علی جناح کے 150ویں یومِ پیدائش کی سال بھر جاری رہنے والی تقریبات کا بھی آغاز کیا گیا۔ اس موقع پر قائداعظم کی زندگی، قیادت اور قیامِ پاکستان کے لیے تاریخی جدوجہد کو اجاگر کرنے والی دستاویزی فلم پیش کی گئی جبکہ قائداعظم کی زندگی کے اہم لمحات اور پاکستان کی تاریخ کے نمایاں سنگِ میل پر مبنی ڈیجیٹل تصویری نمائش بھی منعقد کی گئی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ہائی کمشنر محمد سلیم نے پاکستان کے 80ویں یومِ آزادی پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے بانیٔ پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی لازوال خدمات اور ورثے کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ حکومت قائداعظم کے ایک پُرامن، جمہوری اور خوشحال پاکستان کے وژن کے لیے اپنے عزم پر قائم ہے۔ہائی کمشنر نے کہا کہ پاکستان مستقبل میں بھی ریاستوں کے درمیان امن، مذاکرات، تعاون اور باہمی احترام کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔ انہوں نے کینیڈا میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے عوامی سطح پر روابط مضبوط بنانے میں اہم کردار کو بھی اجاگر کیا۔تقریب میں گریٹر اوٹاوا کے علاقے سے پاکستانی کمیونٹی کے نمائندوں اور پاکستان کے دوستوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ پاکستانی خاندانوں، بالخصوص نوجوانوں کی پُرجوش شرکت نے حب الوطنی کے جذبے کی بھرپور عکاسی کی۔شرکا نے ملک کے دفاع اور قومی امنگوں کی تکمیل کے لیے پاکستان کی مسلح افواج اور عوام کی بہادری و قربانیوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔شرکا نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ قائداعظم محمد علی جناح کا 150واں یومِ پیدائش نوجوان نسل کو ان کے اصولوں، دوراندیشی اور پاکستان کے لیے ان کے وژن سے رہنمائی حاصل کرنے کی ترغیب دیتا رہے گا۔