"معاون وزیر اعلیٰ بلوچستان برائے اطلاعات و سیاسی امور شاہد رند نے خضدار اور قلات کے سرحدی علاقے شور پرود میں سکیورٹی فورسز کے کامیاب انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردوں کے خلاف بروقت اور مؤثر کارروائی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیت، بہادری اور عزم کا واضح ثبوت ہے۔”
دہشت گردی کے خلاف بروقت ومؤثر کارروائی سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیت، بہادری اور عزم کا واضح ثبوت ہے ، شاہد رند

مزید خبریں
کوئٹہ۔ 15 اگست (اے پی پی):معاون وزیر اعلیٰ بلوچستان برائے اطلاعات و سیاسی امور شاہد رند نے خضدار اور قلات کے سرحدی علاقے شور پرود کے پہاڑی سلسلے میں سیکیورٹی فورسز کے کامیاب انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردوں کے خلاف بروقت اور مؤثر کارروائی سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیت، بہادری اور عزم کا واضح ثبوت ہے ۔
اپنے بیان میں شاہد رند نے کہا کہ خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر شور پرود کے پہاڑی علاقے میں دہشت گرد عناصر کے خلاف کامیاب کارروائی قابلِ تحسین ہے، آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے مختلف ٹھکانوں کو نشانہ بنایا اور شدید فائرنگ کے تبادلے میں 10 دہشت گردوں کو ہلاک جبکہ متعدد کو زخمی کیا۔ معاون وزیر اعلیٰ نے کہا کہ آپریشن کے بعد علاقے میں سرچ اینڈ کلیئرنس کارروائیوں کا جاری رہنا اس امر کا ثبوت ہے کہ سیکیورٹی فورسز دہشت گرد عناصر کے خلاف مکمل عزم کے ساتھ کارروائیاں کر رہی ہیں۔ فرار ہونے والے دہشت گردوں کی تلاش بھی جاری ہے اور انہیں قانون کی گرفت میں لانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں ۔ شاہد رند نے کامیاب کارروائی پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے امن کو نقصان پہنچانے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رکھی جائے گی۔ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک دہشت گرد عناصر کا تعاقب جاری رہے گا اور امن دشمنوں کو ان کے منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان حکومت عوام کے جان و مال کے تحفظ اور پائیدار امن کے قیام کے لیے سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں اور خدمات پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں۔







