"چین کی گوانگ ڈونگ ریجنل مینز ہاکی ٹیم 12 اکتوبر 2026ء سے پاکستان کا دورہ کرے گی، جس کے دوران مختلف ہاکی سرگرمیوں اور مقابلوں کا انعقاد متوقع ہے۔”
چین کی گوانگ ڈونگ ریجنل مینز ہاکی ٹیم 12 اکتوبر سے پاکستان کا دورہ کرے گی

مزید خبریں
لاہور۔15اگست (اے پی پی):چین کی گوانگ ڈونگ ریجنل مینز ہاکی ٹیم 12 سے 30 اکتوبر 2026 تک پاکستان کا دورہ کرے گی،چینی ٹیم اس دوران ملک کے مختلف ہاکی مراکز میں پاکستانی محکمانہ، ادارہ جاتی اور کلب ٹیموں کے خلاف متعدد میچز کھیلے گی۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن کے مطابق چینی ٹیم کا دورہ پاکستان وچین کے درمیان ہاکی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے، پاکستانی کھلاڑیوں کو بین الاقوامی معیار کی مسابقت فراہم کرنے اور دونوں ممالک کے درمیان کھیلوں کے تبادلوں کو فروغ دینے کی کوششوں کا حصہ ہے۔شیڈول کے مطابق 14 اکتوبر کو MPCL اور گوانگ ڈونگ کے درمیان میچ MPCL ہاکی اسٹیڈیم راولپنڈی میں ہوگا،15 اکتوبر کو پاک ڈی ایس اور گوانگ ڈونگ کی ٹیمیں نصیر بندہ ہاکی اسٹیڈیم اسلام آباد میں مدمقابل ہوں گی جبکہ 17 اکتوبر کو پاکستان نیوی اور گوانگ ڈونگ کے درمیان میچ بھی نصیر بندہ ہاکی اسٹیڈیم اسلام آباد میں کھیلا جائے گا۔اسی طرح18 اکتوبر کو پاک ڈی ایس اور گوانگ ڈونگ کا میچ واہ کینٹ ہاکی اسٹیڈیم،20 اکتوبر کو نصیر بندہ ہاکی اسٹیڈیم اسلام آباد،23 اکتوبر کو پاکستان کسٹمز اور گوانگ ڈونگ کا مقابلہ ڈی ایچ اے ہاکی اسٹیڈیم لاہور، 24 اکتوبر کو پاک ڈی ایس اور گوانگ ڈونگ کا میچ اسپورٹس کمپلیکس نارووال،26 اکتوبر کو نیشنل ہاکی اسٹیڈیم گوجرہ اور 27 اکتوبر کو ڈی ایچ اے ہاکی اسٹیڈیم لاہور میں ہوگا۔ترجمان کے مطابق29 اکتوبر کو ایک اضافی میچ بھی مجوزہ ہے، تاہم اس کے حتمی فیصلے اور مقام کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ گوانگ ڈونگ ٹیم کا وفد 12 اکتوبر کو پاکستان پہنچے گا اور 30 اکتوبر کو وطن واپس روانہ ہوگا۔پاکستان ہاکی فیڈریشن کا کہنا ہے کہ طویل دورے سے چینی ٹیم کو بین الاقوامی تجربہ حاصل ہوگا،جبکہ پاکستانی کھلاڑیوں کو ایک مضبوط چینی ٹیم کے خلاف ملک کے مختلف شہروں میں کھیلنے کا موقع ملے گا۔پی ایچ ایف نے دورے کو پاک چین کے درمیان ہاکی تعاون کو وسعت اور باقاعدہ بین الاقوامی روابط کو فروغ دینے ، کھلاڑیوں، کوچز اور آفیشلز کے لیے مزید مواقع پیدا کرنے کی جانب اہم قدم قرار دیا ہے۔ فیڈریشن کے مطابق اس دورے سے ملکی سطح پر ہاکی کے فروغ میں بھی مدد ملے گی اور بین الاقوامی مقابلوں کا دائرہ اسلام آباد اور لاہور سے بڑھا کر راولپنڈی، واہ کینٹ، نارووال اور گوجرہ جیسے اہم ہاکی مراکز تک وسیع ہوگا۔پی ایچ ایف کے مطابق چینی وفد، میچز کے اوقات کار اور 29 اکتوبر کے مجوزہ اضافی میچ سے متعلق مزید تفصیلات مناسب وقت پر جاری کی جائیں گی۔







