ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان کا ماہِ ربیع الاول کی آمد پر پیغام

"ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے ماہِ ربیع الاول شریف کی آمد پر پاکستان سمیت دنیا بھر کے مسلمانوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ بابرکت مہینہ عقیدت، محبت اور روحانی وابستگی کا پیغام لے کر آتا ہے۔”

اسلام آباد۔15اگست (اے پی پی):ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے ماہِ ربیع الاول شریف کی آمد پر پاکستان سمیت دنیا بھر کے مسلمانوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ بابرکت مہینہ ہمارے لیے عقیدت، محبت اور روحانی وابستگی کا پیغام لے کر آتا ہے۔

ماہِ ربیع الاول شریف ہمیں حضور اکرم ﷺ کی مبارک سیرت اور آپ ﷺ کی تعلیمات کو اپنی زندگیوں میں اختیار کرنے کی طرف متوجہ کرتا ہے۔ہفتہ کوماہِ ربیع الاول شریف کی آمد پر اپنے پیغام میں ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ نبی کریم حضرت محمد ﷺ کی حیاتِ طیبہ پوری انسانیت کے لیے عدل، برداشت، اخوت، مساوات اور حسنِ اخلاق کا روشن نمونہ ہے۔ آپ ﷺ نے معاشرے میں کمزور طبقات کے حقوق کے تحفظ، انسانوں کے درمیان احترام اور باہمی تعاون کو بنیادی اہمیت عطا فرمائی،ہمیں چاہیے کہ اس مقدس مہینے کے تقاضوں کو سمجھتے ہوئے اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگی میں سیرتِ طیبہ کے اصولوں کو زیادہ مؤثر انداز میں اپنائیں۔انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں معاشرے کو درپیش مختلف مسائل کا مقابلہ باہمی احترام، اتحاد اور رواداری کے جذبے کو فروغ دے کر کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماہِ ربیع الاول ہمیں یہ موقع فراہم کرتا ہے کہ ہم اپنے رویوں کا جائزہ لیں اور ایک ایسے معاشرے کی تشکیل کے لیے اپنا کردار ادا کریں جہاں محبت، بھائی چارہ، انصاف اور انسانی ہمدردی کو فروغ حاصل ہو۔ پاکستان کی ترقی اور استحکام بھی قومی یکجہتی اور اجتماعی ذمہ داری کے اسی جذبے سے وابستہ ہے۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ نبی اکرم ﷺ نے اپنی تعلیمات اور عملی کردار کے ذریعے انسانیت کو ایک ایسا جامع ضابطۂ حیات عطا فرمایا جس میں فرد کے حقوق کے ساتھ ساتھ معاشرتی ذمہ داریوں کو بھی نمایاں مقام حاصل ہے۔ آپ ﷺ کی سیرت ہمیں دوسروں کے لیے آسانیاں پیدا کرنے، ضرورت مندوں کا سہارا بننے، مظلوم کی حمایت کرنے اور معاشرے میں امن و انصاف کے قیام کا درس دیتی ہے۔ ان اصولوں پر عمل پیرا ہو کر ہم اپنے معاشرے میں مثبت اور تعمیری تبدیلی لا سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ماہِ ربیع الاول کے موقع پر ہمیں وطنِ عزیز کی سلامتی، ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے خصوصی دعائیں کرنی چاہئیں۔ اللہ تعالیٰ امتِ مسلمہ کو باہمی اختلافات سے بالاتر ہو کر اتحاد و اتفاق کی راہ اختیار کرنے اور پاکستان کو امن و خوشحالی کی منزل کی جانب آگے بڑھنے کی توفیق عطا فرمائے۔ انہوں نے تمام اہلِ اسلام کو ماہِ ربیع الاول کی دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

مزید خبریں
اوٹاوا میں پرچم کشائی، قائداعظم کے وژن اور پاکستان کے عزم و اتحاد کو اجاگر کیا گیا اوٹاوا۔15اگست (اے پی پی):کینیڈا کے دارالحکومت اوٹاوا میں پاکستان کے ہائی کمیشن جبکہ مونٹریال، ٹورنٹو اور وینکوور میں قائم پاکستان کے تینوں قونصل جنرلز نے پاکستان کا 80واں یومِ آزادی اور بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے 150ویں یومِ پیدائش کی سال بھر جاری رہنے والی تقریبات منائیں۔اوٹاوا میں ہائی کمیشن کی چانسری میں پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں پاکستان کی آزادی، قائداعظم محمد علی جناح کے وژن اور پاکستانی قوم کے عزم و اتحاد کو اجاگر کیا گیا۔ اس موقع پر صدرِ پاکستان، وزیراعظم اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ کے خصوصی پیغامات بھی پڑھ کر سنائے گئے۔یومِ آزادی کی تقریبات کے ساتھ قائداعظم محمد علی جناح کے 150ویں یومِ پیدائش کی سال بھر جاری رہنے والی تقریبات کا بھی آغاز کیا گیا۔ اس موقع پر قائداعظم کی زندگی، قیادت اور قیامِ پاکستان کے لیے تاریخی جدوجہد کو اجاگر کرنے والی دستاویزی فلم پیش کی گئی جبکہ قائداعظم کی زندگی کے اہم لمحات اور پاکستان کی تاریخ کے نمایاں سنگِ میل پر مبنی ڈیجیٹل تصویری نمائش بھی منعقد کی گئی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ہائی کمشنر محمد سلیم نے پاکستان کے 80ویں یومِ آزادی پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے بانیٔ پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی لازوال خدمات اور ورثے کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ حکومت قائداعظم کے ایک پُرامن، جمہوری اور خوشحال پاکستان کے وژن کے لیے اپنے عزم پر قائم ہے۔ہائی کمشنر نے کہا کہ پاکستان مستقبل میں بھی ریاستوں کے درمیان امن، مذاکرات، تعاون اور باہمی احترام کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔ انہوں نے کینیڈا میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے عوامی سطح پر روابط مضبوط بنانے میں اہم کردار کو بھی اجاگر کیا۔تقریب میں گریٹر اوٹاوا کے علاقے سے پاکستانی کمیونٹی کے نمائندوں اور پاکستان کے دوستوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ پاکستانی خاندانوں، بالخصوص نوجوانوں کی پُرجوش شرکت نے حب الوطنی کے جذبے کی بھرپور عکاسی کی۔شرکا نے ملک کے دفاع اور قومی امنگوں کی تکمیل کے لیے پاکستان کی مسلح افواج اور عوام کی بہادری و قربانیوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔شرکا نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ قائداعظم محمد علی جناح کا 150واں یومِ پیدائش نوجوان نسل کو ان کے اصولوں، دوراندیشی اور پاکستان کے لیے ان کے وژن سے رہنمائی حاصل کرنے کی ترغیب دیتا رہے گا۔