پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) نے اعلان کیا ہے کہ چین کی گوانگ ڈونگ ریجنل مینز ہاکی ٹیم 12 سے 30 اکتوبر تک پاکستان کا دورہ کرے گی۔پی ایچ ایف کے مطابق دورے کا مقصد پاکستان اور چین کے درمیان ہاکی روابط کو مزید مضبوط بنانا، پاکستانی کھلاڑیوں کو مسلسل بین الاقوامی معیار کے مقابلوں کا موقع فراہم کرنا اور دونوں ممالک کے درمیان وسیع تر کھیلوں کے تبادلوں …
چین کی گوانگ ڈونگ ریجنل مینز ہاکی ٹیم 12 سے 30 اکتوبر تک پاکستان کا دورہ کرے گی، پی ایچ ایف

مزید خبریں
اسلام آباد۔16اگست (اے پی پی):پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) نے اعلان کیا ہے کہ چین کی گوانگ ڈونگ ریجنل مینز ہاکی ٹیم 12 سے 30 اکتوبر تک پاکستان کا دورہ کرے گی۔پی ایچ ایف کے مطابق دورے کا مقصد پاکستان اور چین کے درمیان ہاکی روابط کو مزید مضبوط بنانا، پاکستانی کھلاڑیوں کو مسلسل بین الاقوامی معیار کے مقابلوں کا موقع فراہم کرنا اور دونوں ممالک کے درمیان وسیع تر کھیلوں کے تبادلوں کو فروغ دینا ہے۔دورے کے دوران گوانگ ڈونگ ٹیم ملک کے مختلف بڑے ہاکی مراکز میں پاکستانی محکمانہ، ادارہ جاتی اور کلب ٹیموں کے خلاف متعدد میچز کھیلے گی۔شیڈول کےمطابق 14 اکتوبر کو راولپنڈی کے ایم پی سی ایل ہاکی اسٹیڈیم میں ایم پی سی ایل، 15 اکتوبر کو اسلام آباد کے نصیر بندہ ہاکی اسٹیڈیم میں پاک ڈی ایس جبکہ 17 اکتوبر کو اسی مقام پر پاکستان نیوی گوانگ ڈونگ کے مدمقابل ہوگی۔
پاک ڈی ایس اور گوانگ ڈونگ کے درمیان مزید میچز 18 اکتوبر کو واہ کینٹ ہاکی اسٹیڈیم اور 20 اکتوبر کو نصیر بندہ ہاکی اسٹیڈیم اسلام آباد میں ہوں گے۔دورے کا اگلا مرحلہ پنجاب میں ہوگاجہاں 23 اکتوبر کو ڈی ایچ اے ہاکی اسٹیڈیم لاہور میں پاکستان کسٹمز گوانگ ڈونگ کے خلاف میدان میں اترے گی۔ 24 اکتوبر کو نارووال سپورٹس کمپلیکس میں پاک ڈی ایس اور گوانگ ڈونگ کا مقابلہ ہوگا۔دونوں ٹیمیں 26 اکتوبر کو گوجرہ کے نیشنل ہاکی اسٹیڈیم اور 27 اکتوبر کو ڈی ایچ اے ہاکی اسٹیڈیم لاہور میں بھی ایک دوسرے کے مدمقابل ہوں گی۔ 29 اکتوبر کو ایک اضافی میچ بھی مجوزہ ہے تاہم اس کے مقام اور حتمی منظوری کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔چینی وفد 12 اکتوبر کو پاکستان پہنچے گا جبکہ 30 اکتوبر کو وطن واپس روانہ ہوگا۔
پی ایچ ایف نے کہا کہ طویل دورہ چینی ٹیم کو قیمتی بین الاقوامی تجربہ فراہم کرے گا جبکہ پاکستان کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والی ٹیموں کو مضبوط حریف کے خلاف کھیلنے کا موقع ملے گا۔فیڈریشن کےمطابق گوانگ ڈونگ ٹیم کادورہ پاکستان اور چین کے درمیان ہاکی تعاون کو وسعت دینے، باقاعدہ بین الاقوامی روابط کو فروغ دینے اور کھلاڑیوں، کوچز اورآفیشلز کے لیے مزید مواقع پیدا کرنے کی جانب اہم قدم ہے۔پی ایچ ایف نے امید ظاہر کی کہ اس دورے سے ملک میں ہاکی کےفروغ میں مدد ملے گی اور بین الاقوامی میچز کا دائرہ اسلام آباد اور لاہور سے بڑھا کر راولپنڈی، واہ کینٹ، نارووال اور گوجرہ جیسے اہم ہاکی مراکز تک وسیع ہوگا۔فیڈریشن کے مطابق چینی وفد، میچز کے اوقات اور 29 اکتوبر کے مجوزہ اضافی میچ سے متعلق مزید تفصیلات بعد میں جاری کی جائیں گی۔







