پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف ) کے قومی انڈر 15 ہاکی ڈویلپمنٹ پروگرام کے رجسٹریشن پورٹل کو ملک بھر کے اسکولوں اور نوجوان ہاکی اسٹیک ہولڈرز کی جانب سے شاندار ردِعمل موصول ہوا ہے جسے گراس روٹ لیول پر ہاکی کی بحالی کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
انڈر15 ہاکی ڈویلپمنٹ پروگرام میں شمولیت کے لیے 753 اسکولوں کی درخواستیں منظور

مزید خبریں
لاہور۔16اگست (اے پی پی):پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف ) کے قومی انڈر 15 ہاکی ڈویلپمنٹ پروگرام کے رجسٹریشن پورٹل کو ملک بھر کے اسکولوں اور نوجوان ہاکی اسٹیک ہولڈرز کی جانب سے شاندار ردِعمل موصول ہوا ہے جسے گراس روٹ لیول پر ہاکی کی بحالی کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق قومی انڈر15 ہاکی ڈویلپمنٹ پروگرام میں شمولیت کے لیے ملک بھر سے 791 اسکولوں نے رجسٹریشن کروائی جن میں سے 753 اسکولوں کی درخواستیں منظور جبکہ 38 درخواستیں زیرِ غور ہیں۔
اب تک کسی بھی اسکول کی درخواست مسترد نہیں کی گئی۔ رجسٹریشن مہم کے دوران1,057 انڈر 15 کھلاڑیوں نے بھی اپنا اندراج کروایا، جن میں سے960 کھلاڑیوں کی درخواستیں منظور، 96 زیرِ جائزہ جبکہ صرف ایک درخواست مسترد ہوئی۔ اسی طرح 43 کوچز نے پورٹل پر رجسٹریشن کروائی، جن میں36 منظور اور 7 کی درخواستیں زیرِ غور ہیں۔ یوں مجموعی طور پر 1,100 افراد، جن میں1,057 نوجوان کھلاڑی اور43 کوچز شامل ہیں، پورٹل پر رجسٹرڈ ہو چکے ہیں۔ اس عمل کے نتیجے میں پاکستان میں ابھرتے ہوئے انڈر 15 ہاکی ٹیلنٹ کا ایک بڑا ڈیجیٹل ڈیٹابیس تشکیل پا گیا ہے۔
پی ایچ ایف کے مطابق پروگرام کا مقصد اسکولوں کو انڈر15 ہاکی ٹیموں کی تشکیل و ترقی کے لیے منظم پلیٹ فارم فراہم کرنا، باصلاحیت لڑکوں اور لڑکیوں کی نشاندہی کرنا، انہیں تربیت یافتہ کوچز سے منسلک کرنا اور مستقبل میں قومی ٹیموں کے لیے بہترین کھلاڑی تیار کرنا ہے۔ پی ایچ ایف نے ملک بھر میں اسکول ہاکی کو وسعت دینے کا ہدف مقرر کیا ہے۔ پروگرام میں شامل رجسٹرڈ اسکولوں کو آئندہ دو سے تین ہفتوں کے دوران ہاکی کا سامان اور کٹس فراہم کی جائیں گی، جس کے بعد وہ اپنی ٹیمیں تشکیل دے کر باقاعدہ تربیت اور مقابلوں میں حصہ لے سکیں گے۔
یہ منصوبہ نیشنل انڈر15 اسکولز ہاکی ڈیولپمنٹ پروگرام کا حصہ ہے، جس کا بنیادی مقصد ہاکی کو دوبارہ اسکولوں تک پہنچانا اور گراس روٹ سطح پر نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانا ہے۔ پی ایچ ایف نے12 سے22 نومبر2026 تک نیشنل انڈر15 بوائز اینڈ گرلز ہاکی چیمپئن شپ کے انعقاد کا منصوبہ بھی بنایا ہے، جہاں نوجوان کھلاڑیوں کو قومی سطح پر اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع ملے گا۔








